Sunday , May 28 2017
Home / Top Stories / تریویندر راوت نے چیف منسٹر اترکھنڈ کا حلف لیا

تریویندر راوت نے چیف منسٹر اترکھنڈ کا حلف لیا

نو وزراء کی بھی حلف برداری، تقریب میں وزیراعظم مودی کی شرکت
دہرہ دون ، 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی لیڈر تریویندر سنگھ راوت کو آج چیف منسٹر اترکھنڈ کی حیثیت سے حلف دلایا گیا۔ گورنر کے کے پال نے سابق آر ایس ایس پرچارک 56 سالہ راوت کو عہدہ اور رازداری کا حلف دلایا، اور نو وزراء نے بھی اس تقریب میں حلف لیا، جہاں وزیراعظم نریندر مودی، بی جے پی سربراہ امیت شاہ اور دیگر قومی اور ریاستی سطح کے پارٹی قائدین شریک ہوئے۔ مودی نے چیف منسٹر راوت کو حلف لینے کے بعد مبارکباد دی اور اعتماد ظاہر کیا کہ اُن کی حکومت اس ریاست میں ریکارڈ ترقی حاصل کرے گی۔ ستپال مہاراج، ہرک سنگھ راوت، مدن کوشک، اروند پانڈے، سبودھ اُنیال، یشپال آریہ اور پرکاش پنت کابینی وزراء بنائے گئے ہیں۔ ریکھا آریہ اور دھن سنگھ راوت نے مملکتی وزراء کے طور پر حلف لیا۔ بی جے پی نے اسمبلی الیکشن میں کانگریس کا صفایا کرتے ہوئے 70 نشستوں میں سے 57 جیتے ہیں۔ اپنی انتظامی اور تنظیمی صلاحیتوں اور تجربے کے ساتھ ساتھ راوت کی پارٹی سے وفاداری اور آر ایس ایس آئیڈیالوجی نے انھیں ریاست میں اعلیٰ سیاسی عہدہ تک پہنچایا ہے۔ راوت کو 2013ء میں پارٹی کا نیشنل سکریٹری مقرر کیا گیا تھا۔ انھیں 2014ء میں اترپردیش میں پارٹی کے امور کا شریک انچارج بنایا گیا۔ وہ جھارکھنڈ میں اہم اسمبلی چناؤ سے قبل بی جے پی انچارج رہے، یہ ذمہ داری وہ بخوبی نبھائے اور پارٹی قیادت کا ان پر اعتماد مزید بڑھ گیا۔ وہ دوئیوالا نشست کانگریس سے 24,869 ووٹوں کے فرق سے چھین کر تیسری مرتبہ جیت درج کرائی ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT