Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تعلیمی سال 2017-18 کے تعلق سے حکومت کے جلد فیصلے کی ضرورت

تعلیمی سال 2017-18 کے تعلق سے حکومت کے جلد فیصلے کی ضرورت

امتحانات کے بعد دوبارہ اسکول چلانے پر تجسس ‘ گرمی کی شدت سے اولیائے طلبہ کا استفسار

حیدرآباد۔21فروری(سیاست نیوز) حکومت تعلیمی سال 2017-18کے آغاز کے متعلق فوری قطعی فیصلہ کرے تاکہ اسکولوں کے ذمہ داروں کو سالانہ امتحانات کے بعد اسکول چلانے کے متعلق فیصلہ کرنا پڑے کیونکہ گرمی کی شدت میں تیزی سے ہو رہے اضافہ کے سبب صورتحال ابتر ہونے لگی ہے اور اولیائے طلبہ استفسار کرنے لگے ہیں کہ کیا سالانہ امتحانات کے بعد فوری اسکول شروع کردیئے جائیں گے یا پھر تعطیلات دیدی جائیں گی؟ سال گذشتہ بھی سالانہ امتحانات کے فوری بعد تعلیمی سال کے آغاز اور طلبہ کو دوبارہ اسکول طلب کئے جانے کے دوران جب گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا تو ایسی صور ت میں حکومت نے تعطیلات کا اعلان کردیا تھا قبل ازیں کچھ یوم کے لئے آدھا دن اسکول چلانے کے انتظامات کئے گئے تھے۔ جاریہ سال کے تعلیمی کیلینڈرکے مطابق تمام اسکولو ںکو 18مارچ تک سالانہ امتحان ختم کرنے ہوں گے اور 22مارچ تا22اپریل تعلیمی سال 2017-18کی تعلیم فراہم کرنی ہوگی اور 22یا24اپریل سے گرمائی تعطیلات 12جون تک دیئے جانے چاہئے لیکن اسکول کے ذمہ دار اور اولیائے طلبہ اس بات سے پریشان ہیں کہ وہ کس طرح بچوں کو اتنی شدید گرمی میں اسکول روانہ کریں کیونکہ ماہ فروری میں ہی گرمی کی تمازت 36ڈگری تک پہنچ چکی ہے اور ماہ اپریل میں اگر اسکول جاری رہتے ہیں تو ایسی صورت میں بچوںکو مختلف عوارض لاحق ہو سکتے ہیں کیونکہ شدید گرمی کے دوران اسکول پہنچنا اور بھاری بھرکم بستوں کے ساتھ طلبہ کو تکلیف میں مبتلاء کرنے کے مترادف ہے۔ خانگی اسکولوں کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ وہ سرکاری احکام کے مطابق خدمات انجام دینے پر مجبور ہیں جبکہ اولیائے طلبہ کا احساس ہے کہ حکومت کو اپنے قوانین سے زیادہ بچوں کی صحت کا خیال رکھنا چاہئے کیونکہ شدید گرمی میں بچوں کو اسکول روانہ کیا جاتا ہے اور یہی شیڈول برقرار رہتا ہے تو ایسے میں اولیائے طلبہ بچوں کو اسکول بھیجنے سے اجتناب کریں گے اور سال گذشتہ جیسے حالات پیدا ہونے لگ جائیں گے اس کے بعد حکومت کو مجبور ہوتے ہوئے آدھے دن کے اسکول کے بعد پھر اچانک گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے گرمائی تعطیلات کے شیڈول میں تبدیلی لانی پڑے گی ۔حکومت اور محکمہ تعلیم کے عہدیداراس مسئلہ پر توجہ مرکوز کریں اور گرمی کی شدت کو دیکھتے ہوئے اپنے تعلیمی کیلینڈر میں ترمیم یا گرمائی تعطیلات کے تواریخ میں ترمیم کا سالانہ امتحانات سے قبل فیصلہ کریںتاکہ عوام کو سہولت حاصل ہوسکے۔

TOPPOPULARRECENT