Thursday , August 17 2017
Home / ہندوستان / تعلیمی قرض حاصل کرنے کے خواہاں طلبا کیلئے پورٹل کا آغاز

تعلیمی قرض حاصل کرنے کے خواہاں طلبا کیلئے پورٹل کا آغاز

پانچ بڑے بینکوں کے سسٹم بھی پورٹل سے مربوط ۔ طلبا کو بہتر مواقع فراہم کرنے کی سمت پیشرفت
نئی دہلی 20 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) حکومت نے آج کہا کہ اس نے ایک ویب سائیٹ vidyalakshmi.co.in کا آغاز کیا ہے ۔ یہ ویب سایٹ ان طلبا کیلئے ہوگی جو تعلیمی قرض حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس ویب سائیٹ سے ایس بی آئی ‘ آئی ڈی بی آئی بینک اور بینک آف انڈیا کے بشمول پانچ بینکوں نے اپنا سسٹم مربوط کردیا ہے ۔ وزارت فینانس کے ایک اعلامیہ کے بموجب ودیا لکشمی ویب سائیٹ کا یوم آزادی کے موقع پر 15 اگسٹ کو آغاز کیا گیا ہے تاکہ تعلیمی قرض حاصل کرنے کے خواہاں طلبا کو فائدہ ہوسکے ۔ کہا گیا ہے کہ اس پورٹل کو این ایس ڈی ایل ۔ ای گورننس انفرا اسٹرکچر لمیٹیڈ کی جانب سے تیار کیا گیا ہے اور اس کی نگرانی محکمہ معاشی خدمات وزارت فینانس کے علاوہ محکمہ اعلی تعلیم وزارت فروغ انسانی وسائل اور انڈین بینکس اسوسی ایشن کی جانب سے کی جا رہی ہے ۔ وزیر فینانس مسٹر ارون جیٹلی نے سال 2015 – 16 میں اپنی بجٹ تقریر میں تجویز کیا تھا کہ وہ آئی ٹی پر مبنی طلبا کی معاشی امداد کی اتھاریٹی کے قیام کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ اسکالرشپ کے علاوہ تعلیمی قرضہ جات کی اسکیم کی نگرانی کی جاسکے ۔ یہ کام پردھان منتری ودیا لکشمی کاریہ کرم کے تحت کیا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ اس کا مقصد یہ ہے کہ کوئی بھی تعلیم محض فنڈز کی کمی کی وجہ سے اعلی تعلیم کے مواقع سے محروم نہ ہونے پائے ۔ اس کے علاوہ پورٹل کا آغاز اسی سمت پہلا قدم ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ودیا لکشمی پورٹل اپنی نوعیت کا پہلا پورٹل ہے جس میں طلبا کو اطلاعات حاصل کرنے اور درخواستیں جمع کروانے کی سہولت ایک ہی جگہ فراہم کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ انہیں سرکاری اسکالرشپس کی تفصیلات سے بھی واقف کروایا جارہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT