Sunday , September 24 2017
Home / ہندوستان / تعلیم بالغان مشن پر عمل آوری کیلئے ترغیبات

تعلیم بالغان مشن پر عمل آوری کیلئے ترغیبات

آئندہ سال مارچ تک دیہاتوں میں مکمل خواندگی کا نشانہ : سمرتی ایرانی
نئی دہلی ۔ 10 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل سمرتی ایرانی نے تعلیم بالغان مشن سے وابستہ عہدیداروں سے کہا کہ آئندہ ایک سال میں مکمل خواندگی حاصل کرنے کیلئے عمر کے اعتبار سے نشانہ مقرر کریں۔ مرکزی وزیر کا یہ بیان ایسے وقت آیا ہے جب سسند آدرش گرام یوجنا کے تحت مارچ 2016ء تک تمام دیہاتوں میں مکمل خواندگی کے منصوبہ کا اعلان کیا گیا ہے۔ جن شکشا سنستھان کے ڈائرکٹرس سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عہدیدار کو ایک لاکھ روپئے کا نقد انعام دیا جائے گا اور یہ ہدیت دی کہ عمر کی مناسبت سے ناخواندہ افراد کا انتخاب کیا جائے اور آئندہ ایک سال میں 40-60 سال کی عمر کے لوگوں کو مکمل خواندہ بنایا جائے۔ مرکزی وزیر نے میرا ڈسٹرکٹ ۔ میرا پلان کے تحت مخصوص اضلاع کی نشاندہی اور خواندگی مہم کو درپیش چیلنجس کے نمٹنے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ 56 فیصد ناخواندہ آبادی کا تعلق 75 سال سے زائد عمر کے گروپ سے ہے۔ سمرتی ایرانی نے چنندہ اضلاع میں تعلیم بالغان کے ساتھ مقامی لوگوں کو ہنرمند بنانے کی تجویز پیش کی تاکہ انہیں روزگار کے مواقع دستیاب ہوسکیں۔ تعلیم بالغان مشن کو روبہ عمل لانے کی ترغیب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی پر ڈائرکٹرس کو پہلا انعام ایک لاکھ، دوسرا انعام 95,000 اور تیسرا انعام 50 ہزار روپئے دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں انہیں افراد خاندان کے ساتھ تفریح کیلئے بااجرت چھٹیاں دی جائے گی۔ قبل ازیں 8 ستمبر کو عالمی یوم خواندگی کے موقع پر مرکزی وزیر نے مارچ 2016ء تک ملک کے تمام دیہاتوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ایک اور پروگرام میں انہوں نے تعلیم بالغان مشن کیلئے امیدواروں سے درخواستیں وصول کرنے کیلئے خصوصی پورٹیل کا آغاز کیا۔

TOPPOPULARRECENT