Monday , October 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تعلیم کو فرقہ پرستی کے خطرات سے نمٹنے طلبہ تنظیموں کا اتحاد ضروری

تعلیم کو فرقہ پرستی کے خطرات سے نمٹنے طلبہ تنظیموں کا اتحاد ضروری

اے آئی ایس ایف کے یوم تاسیس کے موقع پر صدر سید ولی اللہ قادری کا خطاب
حیدرآباد۔18اگست(سیاست نیوز) کل ہند اسٹوڈنٹ فیڈریشن کی 80ویں قومی کانفرنس میں پیش کردہ قراردادوں کی تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے اے آئی ایس ایف کے قومی صدر سید ولی اللہ قادری نے بتایا کہ اے آئی ایس ایف کے یومِ تاسیس کے موقع پر تروپتی میں منعقدہ کانفرنس کے موقع پر تعلیم کو کمرشیل اور کمیونل بنانے کی تمام کوششوں کے خلاف بائیں بازو جماعتوں کی طلبہ تنظیمیں ملک گیر سطح پر عوامی شعور بیداری مہم چلائیں گی ۔آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سید ولی اللہ قادری نے کہاکہ قومی سطح پر تعلیم کے شعبہ جات کو درپیش فرقہ پرستی کے خطرات سے نمٹنے کے لئے سکیولر ذہن کی حامل بائیں بازو کی طلبہ تنظیموں کا اتحاد ضرور ی ہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ تعلیم کی حفاظت ملک کو تحفظ فراہم کرنے کے مترادف اقدام ہوگا۔ جناب سید ولی اللہ قادری نے کہاکہ اے آئی ایس ایف کی قومی کانفرنس میں بھگت سنگھ روزگار یوجنا کو لاگو کرتے ہوئے تعلیم یافتہ نوجوانوں کی بے روزگار ی کو دور کرنے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ بھی کیاگیا۔ انہوںنے ایف ٹی آئی آئی کے معلنہ 20اگست کے احتجاجی پروگرام کو اے آئی ایس ایف کی مکمل تائید وحمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ملک کے سب سے بہترین تعلیمی ادارے میں فرقہ پرست ذہنیت کے حامل گجندر چوہان کا تقرر تعلیمی نظام کے ساتھ کھلواڑ کی پہل ہوگا انہوں نے مزیدکہاکہ گجندر چوہان کی برطرفی تک ایف ٹی آئی آئی طلبہ کے احتجاج کو اے آئی ایس ایف کی مکمل تائید وحمایت رہے گی۔ انہوںنے تعلیم کو کمرشیل اور خانگیانہ کرنے کی کوششوں کے خلاف اور ٹریڈ یونین کے مجوزہ2ستمبر کے بند کی بھی تائید وحمایت کا اعلان کیا۔انہوں نے یکم ستمبر تا 7ستمبر مرکزی حکومت کی جانب سے اعلی تعلیم کے متعلق ڈبیلو ٹی او میں داخل کی گئی درخواست کے خلاف ملک گیر سطح پر تحریک چلانے کا بھی اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ کانفرنس میں اُردو ذریعہ تعلیم کی حفاظت اور مسلم طلباء کو خصوصی رعایتیں فراہم کرنے کا بھی مرکز سے مطالبہ کیا ۔ جنا ب سید ولی اللہ قادری نے شہید بھگت سنگھ کی یومِ پیدائش کے موقع پر چلو اسمبلی پروگرام منعقد کرنے کے علاوہ 9ستمبر کو یومِ مخالف فرقہ پرستی بھی اے آئی ایس ایف کی جانب سے منانے کا اعلان کیا۔قومی جنرل سکریٹری اے ائی ایس ایف مسٹر وشواجیت کمار نے تعلیمی شعبہ جات میںتیزی کیساتھ پھیل رہی فرقہ پرستی کے زہر کو ختم کرنے کے لئے سکیولر طاقتوں کو متحدہونے کا مشورہ دیا۔انہو ںنے سکیولر ذہن کے نوجوانوں بالخصوص طلبہ کو اے آئی ایس ایف سے جڑنے کی اپیل بھی کی تاکہ اے ائی ایس ایف جیسی تنظیموں کو مضبوط اور مستحکم بناتے ہوئے فرقہ پرستی کے خلاف بڑے پیمانے پر محاذ آرائی کی جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT