Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تعمیری اجازت نامہ کا حصول اب آسان

تعمیری اجازت نامہ کا حصول اب آسان

۔28 جولائی سے سی اے ایف متعارف کرنے کا فیصلہ، آن لائن سہولت
حیدرآباد۔9جولائی (سیاست نیوز) بلدی حدود میں اب تعمیری اجازت ناموں کے حصول کیلئے کوئی مشکلات نہیں پیش آئیں گی بلکہ درخواست گذار ان اجازت ناموں کیلئے آن لائن درخواست داخل کرتے ہوئے اجازت حاصل کرسکتے ہیں۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے 28جولائی سے کامن ایپلکیشن فارم کو روشناس کروانے کا فیصلہ کیا ہے جو جی ایچ ایم سی کی ویب سائٹ پر دستیاب رہے گا اور درخواست گذار اس درخواست فارم کو پر کرتے ہوئے تعمیری اجازت نامہ حاصل کرسکیں گے۔ باوثوق ذرائع کے بموجب شہر حیدرآباد و بلدی حدود میں CAFکے ذریعہ نہ صرف تعمیری اجازت نامہ حاصل کیا جاسکے گا بلکہ مختلف محکمہ جات جیسے آبپاشی‘ محکمہ مال‘ محکمہ برقی‘ و دیگر محکمہ جات سے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ کی اجرائی کیلئے بھی درخواست داخل کی جاسکے گی۔ شہری حدود میں موجود اراضیات و جائیدادوں کے موقف و مقصد استعمال میں ترمیم و تبدیلی جو حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے کی جاتی ہے اس کیلئے بھی درخواستیں اس فارم کے ذریعہ داخل کی جاسکیں گی۔ جی ایچ ایم سی کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے درخواستوں کی یکسوئی کے معاملات کو حل کرنے کے لئے آن لائن نظام کو مستحکم بنانے کی ہدایت کے بعد یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں بلا اجازت کی جانے والی تعمیرات کو روکنے اور تعمیری اجازت ناموںکی اجرائی میں بہتری و آسانی پیدا کرنے کیلئے کئے جانے والے ان اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہونے کی امید ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ جی ایچ ایم سی کی ویب سائٹ پر 28جولائی سے یہ فارم موجود رہے گا جس کے ذریعہ مذکورہ درخواستوں کے علاوہ محکمہ فائر کی جانب سے حاصل کئے جانے والے اجازت ناموں وہ اعتراض نہیں کے سرٹیفیکٹ کی اجرائی ممکن ہو سکے گی۔ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کی جانب سے ان درخواستوں کو وصول کرتے ہوئے یہ درخواستیں متعلقہ محکمہ کو روانہ کی جائیں گی جو کہ معینہ مدت کے دوران حل کرلی جائیں گی۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے شعبہ انفارمیشن ٹکنالوجی کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ وصول ہونے والی تمام درخواستوں کے موقف کی تمام تر تفصیلات آن لائن موجود رہیں گی تاکہ درخواست گذار اپنی درخواست کے متعلق واقف رہ سکے۔ بتایاجاتا ہے کہ درخواست وصول ہوتے ہی بعد تنقیح اسے شخصی معائنہ کیلئے متعلقہ محکمہ یا شعبہ کو روانہ کردیا جائے گا اور اس بات کی تاکید کی جائے گی کہ وہ شخصی معائنہ کی تفصیلات آن لائن جی ایچ ایم سی کو روانہ کردیں ۔

TOPPOPULARRECENT