Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تعمیر ملت کا جلسہ رحمتہ للعالمینؐ و یوم صحابہؓ

تعمیر ملت کا جلسہ رحمتہ للعالمینؐ و یوم صحابہؓ

تفصیلی پروگرام کا اعلان ، ایودھیا میں جاری سرگرمیوں پر تشویش
حیدرآباد ۔ 22 ڈسمبر (سیاست نیوز) کل ہند مجلس تعمیر ملت کے زیراہتمام 66 واں جلسہ رحمتہ اللعلمین ؐ 12 ربیع المنور کو صبح 9 بجے نظام کالج گراونڈ میں منعقد ہوگا جبکہ 13 ربیع الاول کو ’’یوم صحاؓبہ‘‘ کے عنوان سے چنچلگوڑہ جونیر کالج گراونڈ میں رات 8 بجے جلسہ عام کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا۔ جناب ضیاء الدین نیر نے آج دفتر تعمیر ملت میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے بتایا کہ مجلس تعمیر ملت کی جانب سے حسب روایت قدیم اس سال بھی دونوں جلسہ عام زیرصدارت جناب عبدالرحیم قریشی صدر کل ہند مجلس تعمیر ملت منعقد کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ تعمیر ملت کی جانب سے ہمیشہ اس بات کی کوشش کی جاتی رہی ہیکہ سیرت طیبہ کی روشنی میں عصری مسائل کے حل کو ان جلسوں کے ذریعہ پیش کیا جائے۔ جناب ضیاء الدین نیر کے ہمراہ اس موقع پر جناب سید جلیل احمد ایڈوکیٹ صدر استقبالیہ، جناب خلیل الرحمن، جناب عمر احمد شفیق کے علاوہ دیگر موجود تھے۔ جناب ضیاء الدین نیر نے بتایا کہ اس جلسہ عام میں مشرق وسطیٰ کے نامور صحافی الشیخ خالد المعینہ سابق چیف ایڈیٹر عرب نیوز و سعودی گزٹ کے علاوہ مسٹر جگدیش چندرا آئی ایس سی ای او ای ٹی وی بحیثیت مہمانان خصوصی شرکت کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں جلسوں میں انگریزی و اردو زبانوں میں خطابات ہوں گے۔ جناب ضیاء الدین نیر نے جلسہ یوم رحمتہ اللعلمین ؐ اور یوم صحابہؓ کی مختصر تاریخ سے واقف کروایا۔ ایودھیا میں وشوا ہندو پریشد کی سرگرمیوں کے متعلق پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو کچھ سرگرمیاں جاری ہیں وہ بالکلیہ طور پر غیرقانونی ہیں جن کے خلاف تعمیرملت کل ہند مسلم پرسنل لاء بورڈ کی نگرانی قانونی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایودھیا سے جو اطلاعات موصول ہورہی ہیں وہ افسوسناک اور تشویشناک ہیں جس کی مذمت کی جانی چاہئے۔ جناب ضیاء الدین نیر نے بتایا کہ گذشتہ 65 برسوں کے دوران میلادالنبی ؐ کے موقع پر یوم رحمتہ اللعلمین ؐ و یوم صحابہ کے انعقاد کے ذریعہ تعمیرملت عوامی شعور اجاگر کرنے کے علاوہ ہندوستان کے حالات کے تناظر میں سیرت کی رہنمائی کی کوشش کرتی رہی ہے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ ان دونوں جلسوں کو کامیاب بنائیں اور بھاری تعداد میں شرکت کرتے ہوئے دین اسلام کے حقیقی پیغام کو عام کرنے میں تعاون کریں۔

TOPPOPULARRECENT