Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل

تلنگانہ ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل

چھ حجاج بشمول خاتون مکہ مکرمہ میں مقیم ، دو خادم الحجاج کے خلاف کارروائی
حیدرآباد۔/13 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ تلنگانہ، آندھرا پردیش اور کرناٹک کے تمام 4900 حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔6 کمسن حاجی بھی فریضہ حج کے بعد وطن واپس ہوئے۔ اس طرح حج 2016کیمپ کا اختتام عمل میں آیا۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 21 تا 28اگسٹ حیدرآباد سے ایر انڈیا کے 15 خصوصی فلائیٹس کے ذریعہ عازمین حج کے 15 قافلے روانہ ہوئے تھے۔ فریضہ حج کی ادائیگی اور مدینہ منورہ کی حاضری کے بعد 5 تا 11 اکٹوبر ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں سے 15 قافلے واپس ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایر انڈیا کی پروازوں سے 4873 حجاج کرام واپس ہوئے جبکہ 16 حجاج کرام مقررہ وقت سے قبل وطن واپس ہوچکے ہیں۔ شیڈول سے قبل واپسی پر حجاج کرام کو ٹکٹ کے اخراجات اپنے طور پر برداشت کرنے پڑتے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ اس مرتبہ 3  حجاج کرام کا انتقال ہوا جن میں 2 کا تعلق حیدرآباد اور ایک کا کرنول سے ہے۔ میڈیکل گراؤنڈ پر 6 حجاج سعودی عرب میں مقیم ہیں جن میں ایک خاتون حاجی حرمت النساء کی ناسازی مزاج کے سبب ان کے شوہر محمد غوث مکہ مکرمہ میں مقیم ہیں۔ جبکہ ایک خاتون حاجی کو لڑکا تولد ہونے کے سبب وہ ان کے شوہر کے ساتھ مدینہ منورہ میں روانگی کی منتظر ہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی کے مطابق 22خادم الحجاج روانہ ہوئے تھے جن میں 12 تلنگانہ اور 10 کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے۔ اس کے علاوہ حج کمیٹی سے 2 اور وقف بورڈ سے ایک عہدیدار کو سرکاری کوٹہ میں روانہ کیا گیا تھا۔ آندھرا پردیش کے 2 خادم الحجاج کے بارے میں کافی شکایات موصول ہوئی ہیں جس پر ان کے خلاف کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ انہیں بلیک لسٹ کرتے ہوئے محکمہ جاتی کارروائی کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ جاریہ سال مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں اگرچہ حکومت سعودی عرب کے شاندار انتظامات کئے گئے تھے لیکن واپسی کے موقع پر حج ٹرمنل میں ایر انڈیا حکام کے عدم تعاون کے سبب حجاج کرام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایر انڈیا کے اعلیٰ عہدیداروں سے نمائندگی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روانگی اور واپسی کے موقع پر شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ کے حج ٹرمنل میں تمام محکمہ جات کا حج کمیٹی کو بھرپور تعاون حاصل ہوا ہے اور اس سلسلہ میں حج کمیٹی محکمہ جات کا تحریری طور پر شکریہ ادا کرے گی۔ ممکن ہے کہ محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ ایک تقریب منعقد کی جائے جس میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اور سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کی موجودگی میں حج کیمپ میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں سے اظہار تشکر کیا جائے گا۔ انہوں نے جی ایم آر، ایمیگریشن، کسٹمس، پولیس، بلدیہ، صحت، ایویشین سیکوریٹی، ٹرانسکو، آر ٹی سی اور دیگر محکمہ جات کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔انہوں نے بتایا کہ حج ہاوز میں حج کیمپ کے دوران گزشتہ سال سے بہتر انتظامات کئے گئے تھے اور حجاج کرام نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آندھرا پردیش حج کمیٹی سے یادداشت مفاہمت کے ذریعہ ان کے حجاج کی بھی خدمت کی گئی۔

TOPPOPULARRECENT