Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ آر ٹی سی کے لوگو اور تمام بسوں میں اردو کا استعمال

تلنگانہ آر ٹی سی کے لوگو اور تمام بسوں میں اردو کا استعمال

تلنگانہ میناریٹی ویلفیر سنگھم کی نمائندگی پر جائنٹ ایم ڈی کارپوریشن کے احکامات
حیدرآباد۔/4نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے ’ لوگو ‘ میں اُردو شامل کرنے کے علاوہ ریاست کی تمام بسوں پر اردو میں اسٹیشن کا نام تحریر کرنے کیلئے احکام جاری کئے جاچکے ہیں۔ جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی نے احکام نمبر T2/535(36)/2015-OPD-T جاری کرتے ہوئے حیدرآباد، رنگاریڈی، محبوب نگر، عادل آباد، نظام آباد اور ورنگل کے ریجنل منیجرس کو مکتوب روانہ کردیا ہے۔ اس سلسلہ میں جاری کردہ احکام میں انہوں نے تلنگانہ میناریٹی ویلفیر سنگھم کی جانب سے کی گئی نمائندگی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 26اکٹوبر کو موصولہ مکتوب پر کارروائی کرتے ہوئے یہ ہدایت جاری کی جارہی ہے جس میں واضح طور پر یہ کہا گیا ہے کہ ٹی ایس آر ٹی سی کے لوگو میں اردو کی شمولیت کے علاوہ تمام اسٹیشنس کے پتے اردو میں تحریر کئے جائیں۔ جاری کردہ احکام میں واضح طور پر یہ ہدایت دی گئی ہے کہ آرڈنری، ایکسپریس، لکثرری، ہائی ٹیک اور اسپیشل بسوں پر بھی اردو کے استعمال کو یقینی  بنایا جائے۔ جوائنٹ منیجنگ ڈائرکٹر کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں اس بات کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ تمام بس ڈپوز اور بس اسٹیشنس پر ٹائم ٹیبل بورڈ میں بھی انگریزی اور تلگو کے ساتھ ساتھ اردو کے استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے۔ مذکورہ احکام میں 6اضلاع بالخصوص حیدرآباد، رنگاریڈی، محبوب نگر، عادل آباد، نظام آباد اور ورنگل میں اس ہدایت پر فوری عمل کرنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ تلگو اور انگریزی میں بس کے اگلے حصہ پر منزل کا پتہ درج کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ تلگو اور اردو میں پچھلے حصہ میں پتہ درج کرنے کے احکام جاری کئے گئے ہیں۔ تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ لوگو میں اردو کی عدم شمولیت کے سلسلہ میں جناب ایم اے رؤف خان اور جناب محمد سلیم الدین نے متعلقہ عہدیداروں کے علاوہ ریاستی حکومت کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سرکاری بسوں پر اردو میں پتہ درج کرنے کے علاوہ لوگو میں اردو زبان شامل کرنے کیلئے نمائندگی کی تھی۔ جاری کئے گئے احکامات میں سرکیولر نمبر 33/2003مورخہ 2مئی 2003ء کا حوالہ دیتے ہوئے تمام اضلاع کی بسوں پر اردو تحریر کرنے کے احکام کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT