Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی کل رویندرا بھارتی میں ایوارڈ تقریب

تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی کل رویندرا بھارتی میں ایوارڈ تقریب

2010 تا 2014ء مخدوم ایوارڈس، معزز شخصیتوں کے نام موسوم
حیدرآباد۔/12ڈسمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اردو اکیڈیمی کی جانب سے 14ڈسمبر کو رویندرا بھارتی حیدرآباد میں شام 6:30بجے ایوارڈ تقریب منعقد ہوگی جس میں مخدوم قومی ایوارڈ کے علاوہ مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر کارنامہ حیات ایوارڈس پیش کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی ایوارڈس پیش کریں گے۔ سکریٹری ڈائرکٹر اردو اکیڈیمی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ 2010تا 2014 کے 5 مخدوم ایوارڈ پیش کئے جائیں گے جس کے لئے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیتوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔ ایوارڈ کے تحت ایک لاکھ روپئے، سپاس نامہ، مومنٹو اور شال پیش کی جائے گی۔ ایوارڈ یافتگان کا انتخاب مختلف ماہرین پر مشتمل کمیٹی نے کیا ہے۔ اس کے علاوہ 2013اور 2014 دو برسوں کے کارنامہ حیات ایوارڈس پیش کئے جائیں گے۔ ہر سال مختلف زمروں میں 7 ایوارڈ پیش کئے جاتے ہیں۔ دو برس کے جملہ 14ایوارڈس پیش کئے جائیں گے۔ شاعری کے زمرہ میں سعید شہیدی اور امجد حیدرآبادی کے نام سے موسوم ایوارڈ دیئے جائیں گے جبکہ نثر میں ڈاکٹر آغا حیدر حسن، تنقید و تحقیق میں ڈاکٹر محی الدین قادری زور، تعلیم و تدریس میں پروفیسر حبیب الرحمن، صحافت میں جناب محبوب حسین جگر، فروغ اردو میں سرینواس لاہوٹی کے نام سے موسوم ایوارڈس پیش کیا جائے گا۔ کارنامہ حیات ایوارڈ کے تحت 25ہزار روپئے، توصیف نامہ، مومنٹو اور شال پیش کی جائے گی۔ اس ایوارڈ کیلئے اردو اکیڈیمی نے درخواستیں طلب کی تھی اور ماہرین کی کمیٹی نے ناموں کو قطعیت دی ہے۔ اس تقریب میں وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی، مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ کے علاوہ شہر کے وزراء اور عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل اور ڈائرکٹر اقلیتی بہبود جلال الدین اکبر بھی شرکت کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT