Friday , April 28 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اسمبلی اجلاس سے کانگریس و تلگو دیشم کے بائیکاٹ پر گورنر کی توہین

تلنگانہ اسمبلی اجلاس سے کانگریس و تلگو دیشم کے بائیکاٹ پر گورنر کی توہین

اپوزیشن جماعتوں پر مسائل نظر انداز کرنے کا الزام ، ٹی ہریش راؤ کا میڈیا پوائنٹ پر خطاب
حیدرآباد۔10مارچ (سیاست نیوز) اپوزیشن جماعتیں مسائل پر گفتگو کے بجائے ایوان کی کاروائی کو متاثر کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔کانگریس اور تلگودیشم نے گورنر کے خطبہ کا بائیکاٹ کرتے ہوئے گورنر کی توہین کی ہے اور ایوان کی کاروائی کو مؤثر بنانے کے وعدہ سے انحراف کیا ہے ۔ ریاستی وزیر امور مقننہ مسٹر ٹی ہریش راؤ نے اپوزیشن جماعتوں کے رویہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر عوامی مسئلہ پر مباحث کیلئے تیار ہے لیکن اپوزیشن جماعتیں ایوان کی کاروائی میں رکاوٹ پیدا کرتے ہوئے صورتحال کو گنجلگ بنانے اور عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔مسٹر ہریش راؤ نے بتایا کہ بجٹ اجلاس کے پہلے دن گورنر کے خطبہ کے دوران اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے اختیار کردہ رویہ افسوسناک اور توہین آمیز رہا جس کے لئے عوام کبھی انہیں معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں مقبولیت حاصل کررہی ہے لیکن کانگریس اور تلگودیشم ہنگامہ آرائی اور احتجاج کے نام پر عوام میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔مسٹر ہریش راؤ نے بتایا کہ گورنر کے خطبہ کے دوران ہنگامہ آرائی انتہائی غیر اخلاقی حرکت ہے اور اس طرح کی حرکات سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کو جمہوریت پر یقین باقی نہیں رہا جس کے سبب وہ اس طرح کی حرکات پر اتر آئی ہیں۔ریاستی وزیر امور مقننہ نے بتایا کہ حکومت اپوزیشن کے تمام اشکالات کو دور کرنے اور ان کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کے جواب دینے تیار ہے لیکن اپوزیشن کو عوامی مسائل کو پیش کرنے سے زیادہ ہنگامہ آرائی اور شور شرابہ سے دلچسپی نظر آرہی ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت کی بنچوں کا سامنا کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں کیونکہ حکومت کے پاس اپوزیشن کے ہر سوال کا جواب موجود ہے ۔انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت مجوزہ بجٹ کے دوران پسماندہ اور محروم طبقات کی فلاح و بہبود کے وسیع منصوبہ اور بھاری بجٹ کی تخصیص عمل میں لانے کا منصوبہ رکھتی ہے اور اسی بات سے اپوزیشن خوفزدہ ہے کہ حکومت کی کارکردگی اور منصوبوں پر انہیں انگشت نمائی کا موقع میسر نہیں آئے گا۔مسٹر ہریش راؤ نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ ہنگامہ آرائی کے بجائے پرسکون انداز میں ایوان کی کاروائی کو چلنے دیں اور حکومت پرتعمیری تنقید بھی کریں ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT