Thursday , August 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اسمبلی میں اقتدار کے دو مراکز بیک وقت نمودار

تلنگانہ اسمبلی میں اقتدار کے دو مراکز بیک وقت نمودار

وزراء اور ارکان اسمبلی مراکز کے اطراف، کے کویتا اور کے ٹی آر نورنظر، ہریش راؤ یکا و تنہا
حیدرآباد۔/26مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں آج اقتدار کے دو مراکز بیک وقت نمودار ہوئے جس کے سبب وزراء اور ارکان اسمبلی کو دونوں مراکز کے اطراف دیکھا گیا۔ ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ اور چیف منسٹر کی دختر کویتا اسمبلی کارروائی کا مشاہدہ کرنے کیلئے آج اسمبلی پہنچیں۔ انہوں نے وی آئی پی گیلری سے اسمبلی کی کارروائی کا مشاہدہ کیا۔ جیسے ہی وہ گیلری میں پہنچیں ایوان میں موجود وزراء اور ارکان نے انہیں نیچے سے ہی نمستے کیا اور اشاروں میں خیریت دریافت کرنے لگے۔ ایوان کی کارروائی کے التواء کے دوران اقتدار کے دوسرے مرکز کے ٹی آر بھی ایوان میں پہنچے اور انہوں نے وی آئی پی گیلری میں موجود اپنی بہن کو نمستے کہا اور اشاروں میں کچھ بات چیت کی۔ کچھ دیر کیلئے ایوان میں موجود تمام وزراء اور ارکان کے ٹی آر کے اطراف جمع ہوگئے اور کویتا کا استقبال کرنے لگے۔ کویتا نے گیلری سے ہاتھ ہلا کر استقبال کا جواب دیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ایوان میں موجود نہیں تھے۔ کئی ارکان اسمبلی نے گیلری پہنچ کر کویتا سے ملاقات کی۔ اس کے علاوہ سکریٹری لیجسلیچر ایس راجہ سدارام نے بھی گیلری پہنچ کر کویتا سے ملاقات کی۔ کویتا کے ہمراہ پارٹی قائدین اور حامی بھی گیلری میں موجود تھے۔ طلباء پر پولیس لاٹھی چارج کے مسئلہ پر اسمبلی میں ہنگامہ آرائی کا مشاہدہ کرنے کے بعد کویتا گیلری سے روانہ ہوگئیں۔ ان کی آمد کے موقع پر بیک وقت دو اقتدار کے مراکز ایک ہی عمارت میں دیکھے گئے اور اسی دوڑ میں شامل ہریش راؤ تنہا دکھائی دے رہے تھے۔

TOPPOPULARRECENT