Friday , July 28 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام کارنامہ حیات ایوارڈ

تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کے زیر اہتمام کارنامہ حیات ایوارڈ

حیدرآباد ۔ 11 ۔ جولائی : ( راست ) : تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس کے ذریعہ اردو ادیبوں اسکالروں ، شاعروں ، صحافیوں اور اردو زبان و ادب کے فروغ کے سلسلہ میں کام کرنے والے اصحاب کی خدمات کو خراج پیش کرنے ’ کارنامہ حیات ایوارڈ ( مجموعی خدمات پر انعامات ) ‘ کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری نے اردو اکیڈیمی کے جاری کردہ اعلامیہ میں ان ایوارڈز کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اردو زبان و ادب کے فروغ کے سلسلہ میں مختلف زمروں میں کام کرنے والے اصحاب کو مختلف زمروں میں ہر سال 7 ایوارڈز دئیے جاتے ہیں ، ان ایوارڈز میں شاعری میں دو ایوارڈز حضرت امجد حیدرآبادی ایوارڈ اور سعید شہیدی ایوارڈ ، تنقید و تحقیق میں ڈاکٹر محی الدین قادری زور ایوارڈ ، نثر میں ڈاکٹر آغا حیدر حسن ایوارڈ ، تعلیم و تدریس میں پروفیسر حبیب الرحمن ایوارڈ ، صحافت میں محبوب حسین جگر ایوارڈز اور فروغ اردو میں سری نواس لاہوٹی ایوارڈ شامل ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ ان ایوارڈز کے انتخاب کے سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دی جاتی ہے جو اردو اسکالرس ، ادیبوں ، شعراء اور فروغ اردو کے سلسلہ میں کام کرنے والے نامور اصحاب پر مشتمل ہوتی ہے ۔ مذکورہ کمیٹی متفقہ طور پر انعام یافتگان کا انتخاب کرتی ہے ۔ مذکورہ ایوارڈ فی کس 25,000 ( پچیس ہزار روپئے ) اور توصیف نامہ پر مشتمل ہوتا ہے ۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ان ایوارڈز کے لیے ریاست تلنگانہ کے ادیب ، شاعر ، نقاد ، ماہرین تعلیم ، صحافی اور فروغ اردو کے لیے کام کرنے والے اصحاب اپنی درخواستیں ایک عدد تصویر ، مکمل بائیو ڈاٹا ، بینک اکاونٹ کی تفصیلات ، آدھار کارڈ کی فوٹو کاپی ، اردو زبان و ادب کے فروغ کے سلسلہ میں ان کی کارکردگی و دیگر ضروری تفصیلات مع دستاویزی ثبوت کے ساتھ 5 اگست 2017 تک صدر دفتر اردو اکیڈیمی چوتھی منزل ، حج ہاوز نامپلی حیدرآباد میں بالمشافہ یا ذریعہ پوسٹ داخل کرسکتے ہیں ۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائرکٹر سکریٹری تلنگانہ اسٹیٹ اردو اکیڈیمی نے بتایا کہ سابق میں ایوارڈ یافتہ اصحاب دوبارہ درخواست دینے کے اہل نہیں ہوں گے ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT