Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اسٹیٹ شوٹنگ چمپئن شپ میں ماسٹر عابد علی خاں کو گولڈ میڈل

تلنگانہ اسٹیٹ شوٹنگ چمپئن شپ میں ماسٹر عابد علی خاں کو گولڈ میڈل

نشانہ بازی میں نیا ریکارڈ رقم کیا ۔ ڈاکٹر صابر علی خاں نے بھی گولڈ میڈل حاصل کیا
حیدرآباد 23 اگسٹ ( سیاست نیوز ) دوسرے تلنگانہ اسٹیٹ شوٹنگ چمپئن شپ مقابلوں کا 17 تا 22 اگسٹ اسپورٹس اتھاریٹی آف تلنگانہ اسٹیٹ شوٹنگ رینجس گچی باؤلی میں کامیاب انعقاد عمل میں آیا ۔ ان مقابلوں میں اسمال بور فری رائفل پرون چمپئن شپ جونئیر مین میں ماسٹر عابد علی خاں نے 287 پوائنٹس کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ آدتیہ راؤ کو 280 پوائنٹس کے ساتھ سلور اور سید محمد محمود کو 279 پوائنٹس کے ساتھ برانز میڈل حاصل ہوا ۔ ماسٹر عابد علی خاں ڈاکٹر شاہد علی خاں کے پوتے اور ڈاکٹر صابر علی خاں کے فرزند ہیں۔ اسی طرح ڈاکٹر صابر علی خاں نے کلے پیجن ٹراپ شوٹنگ چمپئن شپ میں 62 پوائنٹس کے ساتھ گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ واصف حسن لطیف کو 60 پوائنٹس کے ساتھ سلور میڈل اور امجد خان کو 58 پوائنٹس کے ساتھ برانز میڈل حاصل ہوا ۔ ماسٹر عابد علی خاں نے اسمال بور فری رائفل پرون چمپئن شپ جونئیر مین میں 287 پوائنٹس کے ساتھ ان مقابلوں کا ریکارڈ قائم کیا ۔ انہوں نے اپنے مقابلہ میں بہترین نشانہ بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا ۔ سلور میڈل حاصل کرنے والے آدتیہ راؤ ‘ ماسٹر عابد علی خاں سے سات پوائنٹس پیچھے رہے جبکہ آدتیہ راو سے صرف ایک پوائنٹ کے فرق کی وجہ سے سید محمد محمود کو برانز میڈل حاصل ہوا ۔ یہ مقابلے نیشنل رائفل اسوسی ایشن آف انڈیا کے عہدیداروں کی نگرانی میں ہوئے اور یہ مجوزہ پری نیشنلس کیلئے کوالیفائنگ مقابلے تھے ۔ جملہ 61 میچس میں زائد از 300 نشانہ بازوں نے حصہ لیا ۔ یہ مقابلے سب جونئیر ‘ جونئیر ‘ سینئرس فار بوائز اینڈ گرلز اور ویٹیرنس کیلئے منعقد ہوئے اور جملہ 76 میڈلس کیلئے مقابلے ہوئے ۔ ماسٹر عابد علی خاں نے میٹ ریکارڈ بناتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ ماسٹر آغا محمد ذین العابدین کو مختلف زمروں میں سات گولڈ میڈلس حاصل ہوئے ۔ ماسٹر اچانتا شامت نے بھی 385/400 میں نیا میٹ ریکارڈ قائم کیا ۔ تقسیم انعامات کی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مسٹر دیناکر بابو آئی اے ایس نائب صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر اسپورٹس اتھاریٹی کے علاوہ دوسرے موجود تھے جنہوں نے شرکا میں میڈلس تقسیم کئے ۔ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے ماسٹر عابد علی خاں اور ڈاکٹر صابر علی خاں کو شاندار کامیابی اور گولڈ میڈلس کے حصول پر مبارکباد پیش کی ۔

TOPPOPULARRECENT