Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اقامتی اسکولس میں داخلہ شعور بیداری مہم

تلنگانہ اقامتی اسکولس میں داخلہ شعور بیداری مہم

عوام سے استفادہ کی خواہش، تشہیری آٹوز اور ویان کا آغاز
حیدرآباد۔5مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اقلیتی اقامتی اسکولس سوسائٹی کی جانب سے تعلیمی سال2017-18کے داخلوں کے لئے تشہیری مہم کا قلی قطب شاہ اسٹیڈیم سے آغاز ہوا جہاں سے تلنگانہ مائنریٹیز ریسڈینشل ایجوکیشنل انسٹیٹیوشنس سوسائٹی نے 20تشہری آٹوز اور 2ویان روانہ کیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کرتے ہوئے عوام میں اقامتی اسکولو ںمیں داخلوں کے متعلق شعور اجاگر کریں گی۔بتایاجاتا ہے کہ شہر حیدرآباد میں داخلوں کے لئے تشہیری و شعور بیداری مہم کے ذریعہ مستحق طلبہ کو داخلوں کی فراہمی کو ممکن بنانے کے لئے چلائی جانے والی مہم کے دوران عوام کو اس بات سے واقف کروایا جائے گا کہ حکومت کی جانب سے چلائے جا رہے ان رہائشی اسکولوں میں داخلہ کس طرح حاصل کیا جا سکتا ہے اور اس کے کیا فوائد حاصل ہوں گے۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری رکن اسمبلی چارمینار نے اس تشہیری مہم کا افتتاح انجام دیا اس موقع پر جناب سید ولایت حسین رضوی کے علاوہ دیگر عہدیدار موجود تھے۔ جناب سید احمد پاشاہ قادری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی اس اسکیم سے استفادہ کرتے ہوئے بچوں کو رہائشی اسکولوں میں داخلہ یقینی بنائیں  تاکہ اسکیم کامیابی کے ساتھ جاری رہ سکے۔ جناب سید ولایت حسین رضوی نے بتایا کہ پرانے شہر میں تشہیری مہم کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اورداخلوں کیلئے وصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد حوصلہ افزاء ہے ۔ انہوںنے بتایا کہ اقلیتوں کے لئے مخصوص ان رہائشی اسکولوں میں فراہم کروائے جانے والی سہولتوں اور معیار تعلیم کو دیکھتے ہوئے عوام اس جانب متوجہ ہو رہے ہیں ۔ تشہیری مہم کے متعلق انہوں نے بتایا کہ عوام کو اس بات سے واقف کروانا ہے کہ رہائشی اسکولوں میں کس طرح کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور داخلہ کا طریقہ کار کیا ہے۔ تشہیری مہم کے دوران اسکولوں کی فہرست اور دیگر مواد بھی ان تشہیری گاڑیو ںمیں موجود رہے گا جو عوام کو فراہم کروایا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT