Friday , September 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اور آندھرا کے لیے علحدہ ہائی کورٹس کا قیام ضروری: بنڈارو دتاتریہ

تلنگانہ اور آندھرا کے لیے علحدہ ہائی کورٹس کا قیام ضروری: بنڈارو دتاتریہ

حیدرآباد۔/11اگسٹ، ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر بنڈارودتاتریہ نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھرا پردیش علحدہ ریاستوں کی تشکیل کے بعد دونوں ریاستوں کیلئے ہائی کورٹس کا قیام ضروری ہے۔ بنڈارودتاتریہ نے آج تلنگانہ پولٹیکل جے اے سی کے صدرنشین پروفیسر کودنڈا رام اور ایڈوکیٹ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قائدین کے ساتھ نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ پر زور دیا کہ تلنگانہ کیلئے علحدہ ہائی کورٹ کی تشکیل کے ذریعہ دیرینہ مطالبہ کی یکسوئی کی جائے۔ انہوں نے پولٹیکل اور ایڈوکیٹ جے اے سی کی جانب سے اس سلسلہ میں مرکز سے نمائندگی کا حوالہ دیا۔ دتاتریہ نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کو ایک سال سے زائد کا عرصہ مکمل ہوگیا لیکن ابھی تک علحدہ ہائی کورٹ کی تشکیل عمل میں نہیں لائی گئی جس کے سبب عوام کو دشواریوں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کو تلنگانہ کیلئے علحدہ ہائی کورٹ کی تشکیل کیلئے تیزی سے اقدامات کرنے چاہیئے۔ دتاتریہ نے کہا کہ مرکزی حکومت ہائی کورٹ کی تقسیم کے مسئلہ پر سنجیدہ ہے۔ انہوں نے جے اے سی قائدین کو تیقن دیا کہ وہ ہائی کورٹ کی تقسیم کے سلسلہ میں اپنی بھرپور مساعی کریں گے۔ مرکزی وزیر داخلہ نے وفد کو یقین دلایا کہ مرکزی حکومت ہائی کورٹ کی تقسیم کا عمل جلد از جلد مکمل کرے گی۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کودنڈا رام نے کہا کہ ملک میں مزید چھوٹی ریاستوں کے قیام کی ضرورت ہے اور مختلف ریاستوں میں اس کے مطالبات کئے جارہے ہیں۔ بہتر حکمرانی اور بہتر نظم و نسق کیلئے چھوٹی ریاستیں ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں چھوٹی ریاستوں کی تشکیل کے مطالبہ کو تلنگانہ عوام کی بھرپور تائید حاصل رہے گی۔ پروفیسر کودنڈا رام نے کسانوں کی خودکشی کے معاملہ میں تلنگانہ دوسرے نمبر آنے سے متعلق سروے پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے کسانوں کے مسائل پر توجہ نہیں دی تھی جس کے سبب آج بھی کسانوں کی خودکشی کے واقعات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت کو چاہیئے کہ وہ خودکشی کے واقعات کو روکنے کیلئے سنجیدگی سے اقدامات کرے۔ کودنڈا رام نے اس بات کا اظہار کیا کہ حکومت کسانوں کی خودکشی روکنے کیلئے اس قدر اقدامات نہیں کررہی ہے جیسا کہ اسے کرنے چاہیئے۔ کودنڈا رام نے کہا کہ ہائی کورٹ کی تقسیم وقت کی اہم ضرورت ہے اور مرکزی حکومت کو چاہیئے کہ وہ دونوں ریاستوں کیلئے علحدہ ہائی کورٹ تشکیل دے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت دونوں ریاستوں کیلئے علحدہ ہائی کورٹ کی تشکیل کا وعدہ کیا گیا لیکن افسوس کہ آج تک اس کی تکمیل نہیں کی گئی۔ انہوں نے اس سلسلہ میں حکومت کے رویہ کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کودنڈا رام نے کہا کہ تقسیم کے وقت تلنگانہ ریاست کے ساتھ جو وعدے کئے گئے تھے ان کی تکمیل کی جانی چاہیئے۔

TOPPOPULARRECENT