Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ اکسپریس اور اے پی اکسپریس ٹرینوں کا افتتاح

تلنگانہ اکسپریس اور اے پی اکسپریس ٹرینوں کا افتتاح

حیدرآباد۔/12اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے ملک کے دارالحکومت ( راجدھانی ) دہلی کو جانے والی تلنگانہ اکسپریس اور اے پی اکسپریس ٹرینوں کا مرکزی وزیر ریلوے مسٹر سریش پربھو کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس سلسلہ میں منعقدہ ایک سادہ لیکن پراثر تقریب میں مرکزی وزراء ایم وینکیا نائیڈو، بنڈارودتاتریہ، پی اشوک گجپتی راجو، سوجنا چودھری کے علاوہ دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمان وغیرہ بھی شریک تھے ، بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد تا نئی دہلی کے درمیان تلنگانہ اکسپریس اور اسی طرح وشاکھاپٹنم تا دہلی براہ وجئے واڑہ چلائی جائے گی لیکن تلنگانہ اکسپریس ٹرین کا باقاعدہ طور پر 15نومبر سے آغاز کیا جائے گا جبکہ اے پی ایکسپریس 15 اگسٹ کو دہلی سے روانہ ہوکر براہ وجئے واڑہ وشاکھاپٹنم پہونچے گی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے مرکزی وزیر ریلوے مسٹر سریش پربھو نے کہا کہ آج کا دن ہر ایک کیلئے یعنی ریاست تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عوام کیلئے مبارک دن ہوگا کیونکہ عوامی توقعات و خواہشات کے مطابق مرکزی وزارت ریلوے نے دونوں ریاستوں سے دہلی کیلئے ٹرینوں کا آغاز کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست آندھرا پردیش کی تقسیم عمل میں آنے کے ساتھ ہی مرکزی وزارت ریلوے نے علحدہ علحدہ ٹرینس شروع کرنے کا تہیہ کیا تھا اور اسی کے مطابق آج اقدامات کئے گئے۔ مرکزی وزیر ریلوے نے اے پی اور تلنگانہ ریاستوں میں روبہ عمل لائے جانے والے ریلوے پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا تیقن دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT