Monday , May 1 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ بی جے پی قائدین کا دولت کے ذریعہ اقتدار اور یوگا سے دولت کا حصول نشانہ

تلنگانہ بی جے پی قائدین کا دولت کے ذریعہ اقتدار اور یوگا سے دولت کا حصول نشانہ

بی جے پی کا تربیتی کیمپ ، عوام کے قریب پہونچنے اور فائدہ اٹھانے کو ترغیب
حیدرآباد۔12اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ بھارتیہ جنتا پارٹی قائدین دولت کے ذریعہ اقتدار اور یوگا کے ذریعہ دولت کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ یوگا کے آسنوں میں ایک آسن جسے ’کبیر مدرا‘ کہا جاتا ہے اسے سیکھنے کی کوشش میں بی جے پی قائدین نظرآئے۔ ریاست تلنگانہ میں حصول اقتدار کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے پارٹی کارکنوں کے لئے رکھے گئے تربیتی پروگرام کے دوران یوگا بھی کروائی گئی اور انہیں دیگر امور پر مہارت دلوانے کیلئے ان کی تربیت فراہم کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس تربیتی کیمپ میں ریاست کے 400قائدین نے شرکت کی جن میں پارٹی کے سرکردہ قائدین کے علاوہ ضلعی و موضع کے سطح کے قائدین شامل تھے۔ اس تربیتی کیمپ کے دوران بی جے پی قائدین کو دی گئی تربیت میں انہیں اس بات سے واقف کروایا گیا کہ کس طرح عوام کے درمیان پہنچ کر حکومت کے منصوبوں اور اسکیمات سے ہونے والے فوائد سے واقف کروایاجانا چاہئے اور مرکزی حکومت کے اقدامات کے متعلق عوام میں کس طرح سے شعور اجاگر کیا جانا چاہئے ۔ اس تربیتی کیمپ کے دوران یوگا گرو کو بھی رکھا گیا تھا تاکہ عوامی زندگی میں رہنے والے قائدین کو یوگا کے ذریعہ تھکان اتارنے اور صحتمند رہنے کی تربیت فراہم کی جا سکے لیکن یوگا گرو کی جانب سے جب ’کبیر مدرا‘ کے متعلق تفصیلات بتائی گئی تو بیشتر قائدین کو اسی آسن کے متعلق دریافت کرتے دیکھا گیا ۔ کبیر مدرا یعنی دولت کا آسن کے متعلق تربیتی کیمپ میں موجود بیشتر قائدین نے یوگا گرو سے تفصیلات حاصل کیں۔یوگا گرو نے ادعا کیا کہ کبیر مدرا کے ذریعہ دولت ہی حاصل نہیں ہوتی بلکہ خواہشات کی تکمیل میں بھی یہ مدرا اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ان تفصیلات کے جاننے کے بعد بی جے پی قائدین نے صحتمند و چاق و چوبند رہنے کے آسن سیکھنے سے زیادہ کبیر مدرا سیکھنے پر توجہ مبذول کرنی شروع کردی اور اسی کے متعلق استفسار کرنے لگے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بہت جلد تلنگانہ میں ریاستی سطح پر اور ضلعی سطح پر مرکزی قائدین پارٹی کارکنوں کے ہمراہ اجلاس منعقد کریں گے تاکہ پارٹی کارکنوں میں حوصلہ پیدا ہو اور انہیں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل حکومت کی اسکیمات اور انتخابی حکمت عملی سے واقف کروایا جاسکے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرکزی وزراء اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے سرکردہ قائدین بشمول صدر امیت شاہ اور نتن گڈکری کے علاوہ دیگر بھی بہت جلد ریاست تلنگانہ کے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT