Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ بی جے پی قائدین کو للت کمار مودی سے سبق حاصل کرنے کا مشورہ

تلنگانہ بی جے پی قائدین کو للت کمار مودی سے سبق حاصل کرنے کا مشورہ

17 ستمبر کو متنازعہ بنانے کے خلاف انتباہ ، محمد فاروق حسین ٹی آر ایس ایم ایل سی کا بیان
حیدرآباد ۔ 11 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل محمد فاروق حسین نے تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کو ڈپٹی چیف منسٹر بہار للت کمار مودی سے سبق حاصل کرنے کا مشورہ دیا ۔ 17 ستمبر کو متنازعہ بناتے ہوئے پرامن ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کے خلاف سخت انتباہ دیا ۔ محمد فاروق حسین نے کہا کہ تشکیل کے صرف تین سال میں ریاست تلنگانہ ترقی اور بہبود کے معاملے میں سارے ملک میں سرفہرست ہے ۔ چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر ہندو اور مسلمان کو اپنی دو آنکھ تصور کرتے ہوئے نئی نئی اسکیمات متعارف کراتے ہوئے غریب عوام کے گھرانوں میں خوشحالی لانے کے عملی اقدامات کررہے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں ۔ تلنگانہ میں بی جے پی کا کوئی وجود ہی نہیں ہے ۔ بی جے پی کے قائدین ہر سال اپنے وجود کا احساس دلانے کے لیے 17 ستمبر کے موقع پر تلنگانہ کی پرامن فضاء کو بگاڑتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ انہیں بہار کے ڈپٹی چیف منسٹر للت کمار مودی سے سبق حاصل کرنا چاہئے جنہوں نے تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے مشین بھاگیرتا کے کاموں کا جائزہ لیا اور اس کی ستائش کی ۔ بہار میں بھی اس اسکیم پر عمل آوری کرنے کا فیصلہ کیا ساتھ ہی میٹرو ٹرین کا جائزہ لیا اور پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشن پہونچکر امن و امان کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی ستائش کی ۔ اس طرح بہار کے وزیر صحت بھی حیدرآباد پہونچے ۔ انہوں نے کے سی آر کٹ اور دوسری سہولتوں کو خوب سرایا ہے ۔ مختلف ریاستوں گجرات ، مدھیہ پردیش ، راجستھان جہاں بی جے پی کی حکمرانی ہے کے عوامی منتخب نمائندے اور عہدیدار ریاست تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے تلنگانہ کی ترقی اور فلاح و بہبود اسکیم کی اپنے اپنے ریاستوں میں تقلید کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ تلنگانہ کے بی جے پی قائدین پر عوام کو بھروسہ نہیں ہے ۔ حیدرآباد تک محدود رہنے والی بی جے پی کے لیے 2019 کے انتخابات سبق آموز ثابت ہوں گے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے کرائے گئے سروے میں حیدرآباد میں بھی بی جے پی کا نازک موقف ہے ۔ بی جے پی کے قائدین اپنے وجود کی لڑائی کو متنازعہ مسائل سے جوڑتے ہوئے ہندو مسلم اتحاد کو نقصان پہونچانے کی کوشش کررہے ہیں مگر تلنگانہ میں بی جے پی کے ناپاک عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے ۔ لا اینڈ آرڈر کو نقصان پہونچانے والوں کے خلاف کے سی آر حکومت سخت کارروائی کرے گی اس معاملے میں کسی سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ۔۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT