Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ ترقی کے معاملہ میں ملک کی سرفہرست ریاست

تلنگانہ ترقی کے معاملہ میں ملک کی سرفہرست ریاست

کانگریس قائدین کے پیروں تلے زمین کھسک رہی ہے ، ہریش راؤ کا بیان
حیدرآباد ۔ 8 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر ہریش راؤ نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کے لیے کانگریس کی جانب سے عائد کردہ مقدمات پر ثبوت کے ساتھ کتاب شائع کی جائے گی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے تین سال میں تلنگانہ ترقی کے معاملے میں سارے ملک میں سرفہرست ہے اور ملک کی کئی ریاستیں تلنگانہ کی تقلید کررہی ہیں ۔ پنجاب کا ایک وفد حال ہی میں تلنگانہ کا دورہ کرتے ہوئے کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے لیے کیے گئے اقدامات کی ستائش کی ہے ۔ لیکن تلنگانہ کی ترقی سے مقامی کانگریس قائدین کے پیروں تلے زمین کھسک گئی ہے ۔ انہیں یقین ہوگیا کہ تلنگانہ سے بھی کانگریس کا صفایا ہوجائے گا ۔ اپنے وجود کو برقرار رکھنے کے لیے کانگریس مختلف ترقیاتی کاموں پر 150 مقدمات درج کرتے ہوئے رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ آبپاشی پراجکٹس کی تعمیرات کے خلاف عائد کردہ مقدمات سے انجینئرس کاموں کا جائزہ لینے کے بجائے انہیں عدالتوں کے چکر کاٹنا پڑرہا ہے ۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں اگر کالیشورم پراجکٹ تعمیر کیا جاتا تو 216 ٹی ایم سی پانی سمندر میں ضائع نہیں ہوتا تھا ۔ 21 لاکھ ایکڑ اراضی کو بھی کانگریس کے دور حکومت میں پانی نہیں دیا گیا ۔ لیکن ٹی آر ایس کے دور حکومت میں پانی دینے کی کوشش کی جارہی ہے تو اس میں بھی رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں ۔ ہریش راؤ نے عوام کو مشورہ دیا کہ وہ کانگریس قائدین کو دیہی علاقوں میں داخل ہونے نہ دیں ۔ سنہرے تلنگانہ کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے حکمت عملی تیار کی ہے ۔ بڑی جدوجہد سے حاصل کئے جانے والے تلنگانہ کی ایک کروڑ ایکڑ اراضی کو سیراب کرنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ملک میں سوائے تلنگانہ کے کسی بھی ریاست میں 24 گھنٹے برقی سربراہ نہیں کی جارہی ہے ۔ تلنگانہ کے 45 ہزار تالابوں میں 75 فیصد تالابوں کے احیاء کا کام مکمل ہوگیا ہے ۔۔

TOPPOPULARRECENT