Thursday , September 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی آفس عنقریب مقفل

تلنگانہ تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی آفس عنقریب مقفل

حکومت پر اپوزیشن کے بے بنیاد الزامات، ٹی آر ایس رکن اسمبلی کا بیان
حیدرآباد ۔ 12 مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی مسٹر جیون ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی آفس کو بہت جلد قفل پڑ جائے گا۔ حکومت عوامی مسائل پر مباحث کیلئے تیار ہے۔ تاہم اپوزیشن جماعتیں اسمبلی کو پلیٹ فارم بناتے ہوئے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔ آج اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر خطاب کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ اسمبلی میں عوامی مسائل پر صحتمندانہ مباحث ہونے چاہئے۔ ٹی آر ایس حکومت ہر مسئلہ پر مباحث کرنے کیلئے تیار ہے۔ تاہم اپوزیشن جماعتیں صرف حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سستی شہرت حاصل کرنے کی کوشش اور جھوٹے الزامات عائد کررہی ہیں۔ ٹی آر ایس حکومت نے صرف 20 ماہ میں وہ کارنامے انجام دیئے جس کی کانگریس و تلگودیشم حکومتوں میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے اپوزیشن جماعتیں بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔ تلنگانہ کی عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ حالیہ انتخابی نتائج اس کا واضح ثبوت ہے۔ عوامی رائے کو مدنظر رکھتے ہوئے اگر اپوزیشن جماعتیں اپنے موقف میں تبدیلی نہیں لاتی ہیں تو انہیں عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے حکومت کی جانب سے تلگودیشم کے ارکان اسمبلی کو لالچ دے کر ٹی آر ایس میں شامل کرنے کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے اس کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوکر تلگودیشم کے ارکان ٹی آر ایس میں شامل ہوئے  اور بھی ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شامل ہوں گے۔ تلنگانہ میں تلگودیشم کا صفایا ہوگیا ہے۔ اسمبلی کے احاطے میں موجود تلنگانہ تلگودیشم مقننہ پارٹی آفس کو بہت جلد قفل پڑ جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT