Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کی گورنر سے ملاقات ، دو وزراء کو برطرف کرنے پر زور

تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کی گورنر سے ملاقات ، دو وزراء کو برطرف کرنے پر زور

حکومت ایمسیٹ پرچوں کے افشاء کی ذمہ داری قبول کرے ، ایل رمنا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 5 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی کے قائدین نے آج راج بھون پہونچکر گورنر سے ملاقات کی ۔ ایمسیٹ اسکام اور جی او 123 کو ہائی کورٹ کی جانب سے کالعدم قرار دینے پر یادداشت پیش کرتے ہوئے اپوزیشن کو اعتماد میں لیے بغیر کام کرنے کا ٹی آر ایس حکومت پر الزام عائد کیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے کہا کہ ایمسیٹ II پرچوں کے افشاء کی اخلاقی ذمہ داری حکومت قبول کرے اور تلنگانہ کے عوام سے معذرت خواہی کرے اور متعلقہ وزراء مسٹر کڈیم سری اور ڈاکٹر لکشما ریڈی کو فوری کابینہ سے برطرف کردیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی غلطی سے طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ گیا ہے ۔ ایمسیٹ اسکام میں حکمران جماعت کے قائدین کا اہم رول ہے لہذا حکومت اس کی سی بی آئی تحقیقات کرائے ۔ انہوں نے اس کا منظر عام پر آنے کے بعد کسی بھی عہدیدار یا وزیر کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنے پر تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے جانے والے تمام فیصلے متنازعہ بن رہے ہیں اور بار بار ہائی کورٹ سے حکومت کو پھٹکار مل رہی ہے ۔ ابھی تک ٹی آر ایس حکومت کے 16 فیصلوں کو ہائی کورٹ نے غلط قرار دیا ہے ۔ حکومت غیر جمہوری فیصلے کرتے ہوئے من مانی کررہی ہے ۔ جس کی گورنر نرسمہن سے شکایت کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت حصول اراضیات قانون 2013 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اپنی جانب سے جی او 123 جاری کرتے ہوئے عوام و کسانوں سے زبردستی اراضیات حاصل کررہی ہے ۔ اراضیات دینے سے انکار کرنے والوں کے خلاف لاٹھی چارج کرتے ہوئے انہیں ڈرا دھمکا رہی ہے ۔ انہوں نے ہائی کورٹ کی جانب سے جی او 123 کو کالعدم قرار دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس جی او کے حاصل کردہ تمام اراضیات کسانوں اور متاثرین کو لوٹانے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT