Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ تلگو دیشم کے مزید ارکان کا ٹی آر ایس سے رابطہ

تلنگانہ تلگو دیشم کے مزید ارکان کا ٹی آر ایس سے رابطہ

پارٹی اجلاس میں 5 کے منجملہ 3 ارکان اسمبلی کی عدم شرکت
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی پر پھر ایکبار انحراف کے خطرات منڈلا رہے ہیں ۔ تلگو دیشم کے مزید 2 ارکان اسمبلی ٹی آر ایس سے رابطے میں ہیں ایک رکن اسمبلی کی چیف منسٹر سے ملاقات ہوجانے کی افواہیں گشت کررہی ہیں ۔ تلگو دیشم ارکان اسمبلی کے اجلاس میں 3 ارکان اسمبلی نے شرکت نہیں کی ۔ تلگو دیشم فلور لیڈر ریونت ریڈی نے جلد بازی نہ کرنے کا تلگو دیشم کے ارکان اسمبلی کو مشورہ دیا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد تلگو دیشم کے ٹکٹ پر 15 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے تھے جس میں بشمول فلور لیڈر مسٹر ای دیاکر راؤ 10 ارکان اسمبلی حکمران ٹی آر ایس میں شامل ہوچکے ہیں اور خود کو ہی تلگو دیشم کا اصل گروپ قرار دیتے ہوئے ان کے گروپ کو ٹی آر ایس میں ضم کردینے کا اسپیکر اسمبلی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مطالبہ کرچکے ہیں ۔ تلنگانہ تلگودیشم میں صرف 5 ارکان اسمبلی برقرار ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تلگو دیشم کے مزید دو ارکان اسمبلی ٹی آر ایس سے رابطے میں ہیں ۔ اسمبلی حلقہ جوبلی ہلز کے رکن اسمبلی و صدر گریٹر حیدرآباد سٹی تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایم گوپی ناتھ نے پیر کے دن صبح کیمپ آفس پہونچ کر چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر سے ملاقات کی ہے ۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ایک دن قبل سابق وزیر داخلہ مادھو ریڈی کی برسی تقریب سے بھی مسٹر ایم گوپی ناتھ دور تھے جب کہ اس تقریب میں صدر تلگو دیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے شرکت کی تھی ۔ تلنگانہ اسمبلی بجٹ سیشن کی حکمت عملی تیار کرنے کے لیے تلگو دیشم کے فلور لیڈر مسٹر ریونت ریڈی نے تلگو دیشم کے ارکان اسمبلی اور سابق ارکان اسمبلی کا اجلاس طلب کیا جس میں 5 کے منجملہ 3 ارکان اسمبلی نے اجلاس میں شرکت نہیں کی ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ تلگو دیشم کے ارکان اسمبلی مسٹر ایم گوپی ناتھ اور اے گاندھی کا ٹی آر ایس میں شامل ہونا یقینی ہوگیا ہے اور کسی بھی وقت یہ دونوں ارکان اسمبلی حکمران ٹی آر ایس میں شامل ہوسکتے ہیں ۔ اگر یہ دو ارکان اسمبلی ٹی آر ایس میں شامل ہوتے ہیں تو تلگو دیشم کے پاس صرف 3 ارکان اسمبلی ہوں گے ۔ ایک رکن اسمبلی مسٹر آر کرشنیا نے ابتداء سے اپنے آپ کو تلگو دیشم کی سرگرمیوں سے دور رکھا ہے ۔ تلگو دیشم کے ساتھ ریونت ریڈی اور ایس وینکٹ ویریا باقی رہ جائیں گے ۔۔

TOPPOPULARRECENT