Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حج کمیٹی کا ملازم بھاری رقم لے کر فرار

تلنگانہ حج کمیٹی کا ملازم بھاری رقم لے کر فرار

ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے کے خلاف کارروائی ، نوٹس جاری
حیدرآباد۔/16فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے ایک ملازم کے خلاف اسپیشل آفیسر نے کارروائی کا آغاز کیا ہے جس نے مختلف افراد سے بھاری رقم بطور قرض حاصل کرتے ہوئے ادائیگی کے بجائے راہ فرار اختیار کی۔ حج کمیٹی کو اطلاع دیئے بغیر یہ ملازم گزشتہ 10دن سے لاپتہ ہے اور اس نے اپنی رہائش گاہ کو تبدیل کردیا ہے۔ سیل فون بند ہونے کے سبب اس کا حج کمیٹی سے کوئی رابطہ نہیں۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے مذکورہ ملازم کی اجازت کے بغیر غیر حاضری کے خلاف کارروائی شروع کی ہے اور اسے وجہ نمائی نوٹس جاری کی گئی۔ حج کمیٹی کے قواعد کے مطابق 3 ماہ سے زائد عرصہ تک غیر مجاز طور پر ڈیوٹی سے غائب رہنے کی صورت میں اسے معطل کیا جاسکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ ملازم نے چند برس قبل ایک حاجی صاحب کی رقم جمع نہیں کی تھی جس کا انکشاف سنٹرل حج کمیٹی کی آڈٹ کے دوران ہوا۔ بعد میں اسوقت کے ایکزیکیٹو آفیسر ایم اے حمید نے سنٹرل حج کمیٹی کو رقم جمع کی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس ملازم نے ظہیرآباد، نلگنڈہ اور بعض دیگر مقامات سے تعلق رکھنے والی خانگی حج سوسائٹیز کے ذمہ داروں سے بطور قرض بھاری رقم حاصل کی اور جب رقم کی ادائیگی کیلئے دباؤ بڑھنے لگا تو وہ اچانک لاپتہ ہوگیا۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ اس معاملہ کا حج کمیٹی یا اس کی رقومات سے کوئی تعلق نہیں ہے اور خالص نجی معاملہ ہے تاہم غیر مجاز طور پر ڈیوٹی سے غائب ہونے کے خلاف حج کمیٹی نے کارروائی کا آغاز کیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT