Thursday , October 19 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حج کمیٹی کا منگل کو عازمین کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ

تلنگانہ حج کمیٹی کا منگل کو عازمین کیلئے ٹیکہ اندازی کیمپ

ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی افتتاح کریں گے
حیدرآباد۔/6اگسٹ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے 9 اگسٹ کو حج ہاوز میں عازمین حج کے ٹیکہ اندازی کیمپ کا آغاز ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کیمپ کا افتتاح کریں گے۔ حج 2016کیلئے حج کمیٹی سے منتخب عازمین حج کیلئے یہ کیمپ منعقد کیا جارہا ہے۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ چینائی سے ویکسن حیدرآباد پہنچ چکی ہے اور ماہر ڈاکٹرس کی نگرانی میں شہر سے تعلق رکھنے والے عازمین کی ٹیکہ اندازی کی جائے گی۔ تقریب میں متعلقہ عوامی نمائندوں کے علاوہ اقلیتی بہبود کے عہدیدار بھی موجود رہیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اضلاع کیلئے ویکسن کی روانگی اتوار سے عمل میں آئے گی اور ہر ضلع میں حج سوسائٹیوں کے ذریعہ ٹیکہ اندازی کیمپ منعقد کئے جائیں گے۔ خانگی ٹور آپریٹرس کے ذریعہ جانے والے عازمین حج کو نارائن گوڑہ میں واقع سرکاری میڈیکل سنٹر میں ٹیکہ اندازی کا انتظام رہے گا۔ اسی دوران حج کیمپ کے دوران عازمین حج کے طعام کے انتظامات کے ٹنڈر کو قطعیت دے دی گئی ہے۔ یہ ٹنڈر دوسری مرتبہ طلب کیا گیا تھا اور گذشتہ سال کے مقابلہ 11روپئے زائد پر ٹنڈر کو قطعیت دی گئی۔ گذشتہ سال جس کیٹرر نے یہ خدمات فراہم کی تھی اسی کو ٹنڈر الاٹ کیا گیا۔ صرف ایک ہی ٹنڈر داخل کیا گیا تھا جس میں ایک دن کیلئے فی عازم 225/- روپئے کا تخمینہ رکھا گیا تھا۔ ٹنڈر کمیٹی نے مشاورت کے بعد 211/- روپئے میں ٹنڈر کو قطعیت دی۔ واضح رہے کہ اسی کیٹرر نے گذشتہ سال 200/- روپئے میں 3وقت کے کھانے کا انتظام کیا تھا۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ حج کمیٹی کی جانب سے طلب کردہ کھانے اور سپلائینگ کمپنی کے ٹنڈرس میں مخصوص ادارے ہی ٹنڈر داخل کرتے ہیں جبکہ حیدرآباد میں کیٹرنگ کے اداروں کی کوئی کمی نہیں۔ سپلائینگ کمپنی کے ٹنڈر میں صرف دو ٹنڈرس داخل ہوئے تھے لیکن کھانے کیلئے طلب کئے گئے ٹنڈر میں صرف ایک ہی ٹنڈر داخل کیا گیا۔ سپلائینگ کمپنی کیلئے جس ادارہ کو ٹنڈر الاٹ کیا گیا اس نے انتہائی کم قیمت پر کام کا پیشکش کیا ہے اور خدمت کے جذبہ کے تحت صرف لیبر چارجس کے مساوی رقم کا ٹنڈر داخل کیا۔ اسی دوران حج ہاوز میں کیمپ کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے اور گذشتہ سال کی طرح کھلے میدان میں خصوصی ٹینٹ نصب کرتے ہوئے عازمین کو وداع کیا جائے گا۔ حج کمیٹی نے عمارت کے سیلر کی خستہ حالی کو دیکھتے ہوئے اسے صرف لگیج رکھنے کے مقام کے طور پر استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حج ہاوز سے متصل زیر تعمیر عمارت کے دو سیلرس کو بند کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ عازمین حج کو کسی حادثہ سے بچایا جاسکے۔

TOPPOPULARRECENT