Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل

تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کی واپسی کا عمل مکمل

6 خادم الحجاج کے خلاف تادیبی کارروائی ، حج سرگرمیوں کے اختتام پر ایس اے شکور کا اظہار تشکر
حیدرآباد۔/20اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کی واپسی کا عمل آج مکمل ہوگیا۔ 14اکٹوبر سے حجاج کرام کے قافلوں کی واپسی کا آغاز ہوا تھا اور تمام 16قافلوں کی واپسی آج مکمل ہوگئی۔ آخری قافلہ آج رات مدینہ منورہ سے ایر انڈیا کی خصوصی پرواز کے ذریعہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا جہاں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور دوسروں نے حجاج کرام کا استقبال کیا اور انہیں بخیر و عافیت وطن واپسی اور سعادت حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی۔ آخری قافلہ کی آمد کے بعد تلنگانہ حج کمیٹی کی حج سرگرمیاں عملاً مکمل ہوگئیں اور شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر قائم کردہ خصوصی حج ٹرمنل کی مصروفیات اختتام پذیر ہوئیں۔ حج 2015کیلئے حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے جملہ 5418 عازمین روانہ ہوئے تھے جن میں تلنگانہ کے 2963 ، آندھرا پردیش 1819، کرناٹک 654 اور شیڈول فلائیٹ سے روانہ ہونے والے 15عازمین شامل ہیں۔ گرین زمرہ کے تحت 2154 اور عزیزیہ زمرہ کے 2976 عازمین روانہ ہوئے تھے۔ انکے علاوہ تلنگانہ کے 321 عازمین کا رباط میں قیام کیلئے انتخاب عمل میں آیا تھا۔ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے سابق ریاست حیدرآباد علاقوں سے تعلق رکھنے والے عزیزیہ زمرہ کے عازمین کو بھی قرعہ اندازی کے ذریعہ رباط میں قیام کی سہولت فراہم کی گئی۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ ایر انڈیا کی 16پروازوں اور ایک ریگولر فلائیٹ سے جملہ 5418 حجاج کرام وطن واپس ہوئے۔  باقی 33 حجاج کرام میں 14 کا انتقال ہوا جبکہ 14 دیگر حجاج کرام مقررہ وقت سے پہلے وطن واپس ہوگئے۔ 4عازمین نے روانگی سے عین قبل سفر کو منسوخ کردیا تھا۔ ایک حاجی سعودی عرب سے دوبئی روانہ ہوئے۔ اس طرح حج کمیٹی سے روانہ ہوئے حجاج کرام کی واپسی کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ حج کمیٹی نے 18خادم الحجاج کو روانہ کیا تھا جن میں حج کمیٹی کے 3 عہدیدار بھی شامل تھے۔ 6 خادم الجاج کے خلاف تادیبی کارروائی کی جارہی ہے جنہوں نے اپنے فرائض کی تکمیل نہیں کی تھی۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے حجاج کرام کی بحفاظت واپسی پر اطمینان کا اظہار کیا اور حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی۔ انہوں نے اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور کی دن رات محنت و کاوشوں کو بطور خاص سراہا اور کہا کہ پہلی مرتبہ تلنگانہ حج کمیٹی نے 3 ریاستوں کے حجاج کرام کی خدمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حجاج کرام نے بھی حج کمیٹی کے انتظامات اور مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں فراہم کی گئی سہولتوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے ناظر رباط حسین محمد الشریف سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے تقریباً 600 حجاج کیلئے رباط میں قیام کے علاوہ مفت کھانے کی سہولت فراہم کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت آئندہ سال تقریباً 1000 حجاج کرام کیلئے رباط میں قیام کا منصوبہ رکھتی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی اور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے حج سرگرمیوں کے اختتام پر تمام محکمہ جات کے عہدیداروں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کسٹمس، ایمیگریشن، جی ایم آر، سی آئی ایس ایف، ایر انڈیا اور دیگر متعلقہ محکمہ جات کے عہدیداروں سے حج ٹرمنل میں ملاقات کرتے ہوئے روانگی اور واپسی کے موقع پر حج کمیٹی سے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ اسپیشل آفیسر نے بتایا کہ2828 مرد عازمین اور 2623خاتون عازمین حیدرآباد امبارگیشن پوائنٹ سے روانہ ہوئے تھے۔ ان کے علاوہ 7کمسن بچے بھی فریضہ حج کی تکمیل کے بعد وطن واپس ہوئے ہیں۔ انہوں نے مختلف اضلاع کی حج کمیٹیوں اور والینٹرس کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے تلنگانہ اور آندھرا پردیش حکومتوں اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔ آخری قافلہ کے حجاج کرام کی آمد کے موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے اور حجاج کرام کی خدمت میں گزشتہ دو ماہ سے مصروف عہدیدار اور والینٹرس با دیدہ نم آخری قافلہ کے حجاج کو ٹرمنل سے روانہ کیا۔

TOPPOPULARRECENT