Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حج کمیٹی کے مزید دو حجاج کے قافلوں کی آمد

تلنگانہ حج کمیٹی کے مزید دو حجاج کے قافلوں کی آمد

حج ٹرمنل پر نماز جمعہ کا خصوصی انتظام ، پروفیسر ایس اے شکور نے استقبال کیا
حیدرآباد۔/16اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے حجاج کرام کے مزید دو قافلے آج مدینہ منورہ سے حیدرآباد واپس ہوئے۔ اس طرح حیدرآباد پہنچنے والے قافلوں کی تعداد 7ہوچکی ہے اور اب تک 2361 حجاج کرام وطن واپس ہوئے۔ آج صبح 7بجکر15منٹ پر پہلا قافلہ ایر انڈیا کی خصوصی پرواز سے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پہنچا جبکہ دوسرا قافلہ دوپہر 2بجکر 50منٹ پر حیدرآباد واپس ہوا۔ دونوں قافلوں کے حجاج کرام کا اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے استقبال کیا۔ انہوں نے تمام حجاج کو حج کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی اور انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ بعض حجاج کرام نے خادم الحجاج کی عدم کارکردگی کی شکایت کی جس پر اسپیشل آفیسر نے ان کے خلاف تادیبی کارروائی کا یقین دلایا۔انہوں نے بتایا کہ 7قافلوں میں جملہ 2380 حجاج کرام کی واپسی ہونی تھی لیکن 19حجاج کرام کم ہوئے ہیں ان میں سے 8کا انتقال ہوا جبکہ 11 مقررہ وقت سے قبل وطن واپس ہوگئے۔ حجاج کرام کیلئے تمام محکمہ جات کی جانب سے ضروری اُمور کی جلد تکمیل کی گئی اور انہیں جانے کی اجازت دی گئی۔ حج ٹرمنل کے باہر بڑی تعداد میں حجاج کرام کے رشتہ دار اور دوست احباب استقبال کیلئے موجود تھے۔ حجاج کرام کو فی کس 5 لیٹر زم زم فراہم کیا گیا۔ اسپیشل آفیسر نے وزیٹرس کیلئے بنائے گئے شامیانے کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ جمعہ کے پیش نظر دوسری فلائیٹ کے حجاج کرام کیلئے حج ٹرمنل میں نماز جمعہ کا اہتمام کیا گیا تھا جبکہ وزیٹرس کیلئے ٹرمنل کے باہر نماز جمعہ کا انتظام تھا۔ حج ٹرمنل میں مولانا محمد عرفان نے خطبہ دیا اور نماز جمعہ کی امامت کی جبکہ وزیٹرس کی نماز جمعہ کی امامت حافظ جواد خاں نے کی۔ کل 17اکٹوبر کو 3قافلے حیدرآباد واپس ہوں گے۔ پہلا قافلہ رات دیر گئے 2بجکر35منٹ پر حیدرآباد پہنچے گا جبکہ دوسرا قافلہ صبح 7بجکر 45منٹ اور تیسرا قافلہ رات 8بجکر 35منٹ پر حیدرآباد پہنچے گا۔

TOPPOPULARRECENT