Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے مرکز سے نمائندگی کی جائیگی‘ ڈپٹی چیف منسٹر

تلنگانہ حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے مرکز سے نمائندگی کی جائیگی‘ ڈپٹی چیف منسٹر

کل جماعتی وفد دہلی جائیگا۔ عازمین حج کی قرعہ اندازی کے موقع پر فیصلہ ۔ جناب محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔/22مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کیلئے حج کوٹہ میں اضافہ کے سلسلہ میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کی قیادت میں کل جماعتی وفد نئی دہلی کا دورہ کرے گا اور مرکز سے نمائندگی کی جائے گی۔ اس بات کا فیصلہ حج 2016کیلئے تلنگانہ عازمین حج کی قرعہ اندازی کے موقع پر کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کو قائد اپوزیشن محمد علی شبیر اور رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین نے تیقن دیا کہ اگر حکومت کل جماعتی وفد کے ساتھ مرکز سے نمائندگی کا منصوبہ رکھتی ہے تو کانگریس مکمل تعاون کرے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اس تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے اسمبلی اجلاس کے فوری بعد اپوزیشن قائدین کے ساتھ نئی دہلی روانہ ہونے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر اقلیتی اُمور نجمہ ہپت اللہ اور دیگر متعلقہ وزراء سے نمائندگی کی جائے گی۔ محمود علی نے بتایا کہ وہ سابق میں وزیر خارجہ سشما سوراج کو مکتوب روانہ کرچکے ہیں اور گزشتہ دنوں نجمہ ہپت اللہ سے فون پر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمانوںکی آبادی کے اعتبار سے حج کوٹہ 4500ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی بجٹ سیشن کے فوری بعد وہ نئی دہلی کا پروگرام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن قائدین کے علاوہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کو بھی ساتھ رکھا جائے گا تاکہ اقلیتی اُمور کے بارے میں مرکز سے نمائندگی کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال حیدرآبادی رباط میں 1000 عازمین کے قیام و طعام کے انتظامات کئے جائیں گے۔ گزشتہ سال 600عازمین کے انتظامات کئے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر سے اس بات کی نمائندگی کی جائے گی کہ مکہ مکرمہ میں منہدم کی گئی رباط کی عمارتوں کے معاوضہ کے بجائے کسی موزوں مقام پر عمارتیں الاٹ کی جائیں تاکہ تلنگانہ کے تمام عازمین کیلئے رہائش کا انتظام ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ تمام عازمین کو رباط کی سہولت فراہم ہو تاکہ انہیں رقم کی بچت ہوسکے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد میں سعودی کونسلیٹ کے قیام کیلئے نمائندگی کی گئی ہے۔ انہوں نے منتخب عازمین سے اپیل کی کہ وہ تلنگانہ کی ترقی، گنگاجمنی تہذیب کے فروغ اور غریبوں کی بھلائی کیلئے دعا کریں۔ انہوں نے بتایا کہ مئی میں وہ سعودی عرب جارہے ہیں جہاں سعودی حکام سے رباط کے سلسلہ میں بات چیت کریں گے۔ قائد اپوزیشن محمد علی شبیر نے ڈپٹی چیف منسٹر کو تجویز پیش کی کہ وہ کُل جماعتی وفد کے ذریعہ مرکز سے نمائندگی کا پروگرام بنائیں کانگریس بھی مکمل تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر چیف منسٹر خود اس وفد کی قیادت کریں تو اور بہتر ہوگا۔ حج کوٹہ میں اضافہ کی ضرورت ظاہر کرتے ہوئے محمد علی شبیر نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں ہر سال حکومت نے مرکز سے نمائندگی حاصل کرتے ہوئے زائد کوٹہ حاصل کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ زندگی میں ایک بار حج کی سعادت ہر مسلمان کی خواہش ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے بلاوے تک کوئی بھی اُس سرزمین پر قدم نہیں رکھ سکتا۔ رکن قانون ساز کونسل فاروق حسین نے حج کوٹہ میں اضافہ کیلئے مرکز سے نمائندگی میں کانگریس کے تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے عازمین سے اپیل کی کہ وہ ملک میں سیکولرازم، رواداری اور بارش کیلئے دعا کریں کیونکہ ہندوستان کی سخت ضرورت ہے۔ انہوں نے تلنگانہ دینے والی صدر کانگریس سونیا گاندھی اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی صحت کیلئے دعا کی اپیل کی۔ ایم ایل سی محمد سلیم نے عازمین کو مشورہ دیا کہ وہ عبادتوں پر خصوصی توجہ دیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے مخاطب کیا۔ اسپیشل آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے حج کوٹہ اور قرعہ اندازی کی تفصیلات بیان کی۔ انہوں نے درخواست گذاروں کو مشورہ دیا کہ وہ روانگی کے سلسلہ میں درمیانی افراد کی دھوکہ دہی کا شکار نہ ہوں۔ کوئی بھی شخص سفارش یا رقومات حاصل کرکے روانہ نہیں کرسکتا اور حج کمیٹی کی قرعہ اندازی میں مکمل شفافیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویٹنگ لسٹ میں 1000 امیدواروں کو رکھا جارہا ہے اور مرکز سیویٹنگ لسٹ کی منظوری کے بعد فہرست کے اعتبار سے عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ منیجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن بی شفیع اللہ، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین ، مقامی کارپوریٹر شریمتی سنتوش گپتا، ٹی آر ایس قائد ارشد علی خاں و دوسرے موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT