Thursday , July 27 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ حکومت کی فلاحی اسکیمات دیگر ریاستوں کے لیے مشعل راہ

تلنگانہ حکومت کی فلاحی اسکیمات دیگر ریاستوں کے لیے مشعل راہ

امبیڈکر جینتی تقریب سے وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔14 اپریل (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ٹی راما رائو نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جن اسکیمات کا آغاز کیا ہے وہ ملک کی دیگر ریاستوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ کے ٹی آر نے آج سکندرآباد میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی 126 ویں جینتی تقاریب میں شرکت کی۔ ریاستی وزراء سرینواس یادو، پدما رائو اور رکن پارلیمنٹ بی سمن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ٹی آر ایس کی حکومت غریبوں اور کسانوں کی حکومت ہے اور گزشتہ تین برسوں میں ان کی فلاح و بہبود کے سلسلہ میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کی بھلائی کے لیے ملک کے 28 ریاستوں نے جو رقم خرچ کی ہے اس سے زیادہ بجٹ تلنگانہ حکومت نے خرچ کیا ہے۔ 40 لاکھ غریب افراد کو ماہانہ وظائف فراہم کیئے جارہے ہیں جس سے سرکاری خزانے پر سالانہ 5 ہزار 300 کروڑ روپئے کا بوجھ پڑا ہے۔ حکومت نے راشن کے چاول کی حد کو ختم کرتے ہوئے ہر فرد خاندان کے لیے چھ کیلو چاول فراہم کرنے کا فیصلہ کیا۔ حکومت جاریہ سال سے غریب لڑکیوں کی شادیوں پر 75,116 روپئے فراہم کرے گی۔ شادی مبارک اور کلیان لکشمی اسکیمات کے تحت 51 ہزار روپئے فراہم کئے جارہے تھے لیکن چیف منسٹر نے اس رقم کو بڑھا کر 75 ہزار روپئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ غریب لڑکیوں کی شادیوں کا مسئلہ حل ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ غریبوں کے لیے ڈبل بیڈ روم مکانات کی تعمیر کا کام جاری ہے اور غریبوں سے ایک پیسہ بھی حاصل کئے بغیر انہیں یہ مکانات الاٹ کیئے جائیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت ہر تعلیم یافتہ شخص کو روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ سرکاری مخلوعہ جائیدادوں یا پھر خانگی شعبہ میں روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمہ جات کی مخلوعہ جائیدادوں پر مرحلہ انداز میں تقررات کیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایس سی، ایس ٹی طبقات کے نوجوانوں کی ترقی کے لیے نئی قانون سازی کی ہے۔ امبیڈکر اوورسیز اسکیم کے تحت بیرون ملک تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلباء کو 20 لاکھ روپئے کی تعلیمی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ امن و ضبط کی صورتحال پر بہتر انداز میں قابو پایا گیا اور نوجوانوں کو غیر قانونی سرگرمیوں سے دور رکھنے کے لیے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں تاش کھیلنے کے کلبس اور گڑمبا مراکز کے خلاف کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے ان کا صفایا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عوام کو یقین دلایا کہ حیدرآباد میں بھی ڈبل بیڈ روم مکانات کی اسکیم پر تیزی سے عمل آوری کی جائے گی۔ کے ٹی آر نے آئندہ ایک ہفتہ میں سکندرآباد کے نلہ گٹہ، بھوئی گوڑہ کے مکانات کا رجسٹریشن مکمل کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے اس علاقے میں ڈیجیٹل لائبریری کے لیے 3 کروڑ روپئے کی منظوری اور سرکاری اسکولوں کی تعمیر و مرمت کے لیے 20 لاکھ روپئے منظور کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے۔ لہٰذا عوام انہیں سبق سکھائیں گے۔ ریاستی وزیر سرینواس یادو نے اس موقع پر شہری علاقوں کی ترقی کے لیے کے ٹی آر کے اقدامات کی ستائش کی۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT