Saturday , March 25 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ راشٹرا سمیتی لیجسلیچر پارٹی کا آج اجلاس

تلنگانہ راشٹرا سمیتی لیجسلیچر پارٹی کا آج اجلاس

دونوں ایوانوں کیلئے پارٹی کی حکمت عملی طئے کی جائے گی
حیدرآباد ۔ 14۔ڈسمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس کل 15 ڈسمبر کو 2.30 بجے دن تلنگانہ بھون میں منعقد ہوگا جس کی صدارت چیف منسٹر اور پارٹی صدر کے چندر شیکھر راؤ کریں گے ۔ 16 ڈسمبر سے قانون ساز اسمبلی اور کونسل کے اجلاس کے پیش نظر لیجسلیچر پارٹی دونوں ایوانوں میں اپنی حکمت عملی طئے کرے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ دونوں ایوانوں میں اپوزیشن کے الزامات کا جواب دینے کیلئے ارکان کو مختلف مسائل پر رہنمائی کی جائے گی ۔ اپوزیشن جماعتیں جن موضوعات کو ایوان میں موضوع بحث بناسکتی ہے ، ان کے بارے میں وزراء کے علاوہ ارکان کو بھی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا تاکہ اپوزیشن کے الزامات کا موثر جواب دیا جاسکے ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مجوزہ اجلاس میں حکومت اور پارٹی کے موقف کے بارے میں کافی سنجیدہ ہیں۔ وزراء اور ارکان کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایوان میں مقررہ وقت پر موجود رہیں اور مکمل کارروائی تک دستیاب رہیں۔ سابق میں وزراء اور ارکان کی عدم موجودگی کے باعث حکومت کو بعض مسائل پر اپوزیشن کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ چیف منسٹر نے وزراء کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ محکمہ جات کی تمام تفصیلات کے ساتھ ایوان میں موجود رہیں۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ وقفہ سوالات کے تمام موضوعات کے بارے میں وزراء کو اچھی طرح بریفنگ کریں تاکہ ایوان میں حکومت کیلئے کوئی دشواری نہ ہو۔ اسمبلی کے ایجنڈہ کو طئے کرنے کیلئے کل 15 ڈسمبر کو بزنس اڈوائزری کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اس اجلاس  میں اسپیکر اسمبلی اور صدرنشین قانون ساز کونسل کے علاوہ چیف منسٹر ، وزیر امور مقننہ اور فلور لیڈرس شرکت کریں گے ۔ اجلاس میں اسمبلی اور کونسل کے ایام اور موضوعات کو قطعیت دی جائے گی۔ واضح رہے کہ 16 ڈسمبر صبح 10 بجے دونوں ایوانوں کے سرمائی سیشن کا آغاز ہوگا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT