Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ ریاست میں پیپر کے بغیر حکومت چلانے کا فیصلہ

تلنگانہ ریاست میں پیپر کے بغیر حکومت چلانے کا فیصلہ

آئی ٹی کے استعمال میں دلچسپی، آندھراپردیش ریاست کے نظریہ کی تقلید

حیدرآباد۔19فروری(سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ نے پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انفارمیشن ٹکنالوجی میں بہتری لانے اور سرکاری طور پر انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال کو ممکن بنانے کیلئے پیپر کے بغیر حکومت کے نظریہ کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔آندھرا پردیش میں حکومت نے تقسیم ریاست کے فوری بعد پیپر کے بغیر انتظامی امور کے انجام دہی کے فروغ کے لئے اقدامات کرتے ہوئے 16ستمبر 2014کو ہی بغیر فائل کے کابینہ کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے ملک کے پہلے بغیر فائیل کابینہ اجلاس کا اعزاز حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی اور اس کے بعد سے ریاست آندھرا پردیش میں ڈیجیٹل حکومت کا نظریہ تیزی سے فروغ پانے لگا اور اب ریاست آندھرا پردیش کے بیشتر محکمہ جات فائیلس کے بغیر ڈیجیٹل فائیل یا الکٹرانک فائیل پر انحصار کرنے لگے ہیں لیکن اب ریاست تلنگانہ میں بھی حکومت نے جلد ہی ریاست کے تمام محکمہ جات کو ڈیجٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بہت جلد ای۔فائیل نظام کو روشناس کرواتے ہوئے سیکریٹریٹ کے تمام معتمدی دفاتر کو کاغذی فائیلوں سے پاک کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے انہیں ای۔فائیل کے پاسورڈ دیئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت تلنگانہ نے انفارمیشن ٹکنالوجی میں پڑوسی ریاست سے مسابقت کا ذہن بنا لیا ہے اور بہت جلد دفاتر معتمدی میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کو ای ۔ فائیلس کے استعمال کی جانب راغب کروایا جائے گا۔عہدیداروں کے بموجب ای۔فائیلس کے استعمال کے آغاز کی صورت میں کئی ایک فائدے حاصل ہوں گے جن میں سب سے اہم فائیلس کو زیادہ دن روکنا ناممکن ہو جائے گاا ور فائیل کس عہدیدار کے پاس رکی ہوئی ہے اس کا بہ آسانی پتہ چلایا جاسکے گا۔انفارمیشن ٹکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ فائیلس میں تبدیلی کی گنجائش بھی ختم ہوجائے گی کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں سب کو اس بات کا پتہ چل جائے گا کہ کس نے اس میں تبدیلی کی ہے اسی لئے نظام حکمرانی میں شفافیت پیدا ہوگی اور تمام محکمہ جات ایک دوسرے سے الکٹرانک طور پر مربوط ہونے کے سبب محکمہ جاتی امور کی بھی عاجلانہ یکسوئی ممکن ہوتی جائے گی۔ذرائع کے بموجب محکمہ انفارمیشن ٹکنالوجی اس سلسلہ میں اقدامات مکمل کرلئے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT