Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد ٹی آر ایس عوامی ایجنڈہ سے منحرف

تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد ٹی آر ایس عوامی ایجنڈہ سے منحرف

صرف پارٹی کو مستحکم کرنے پر توجہ، صدرنشین تلنگانہ پولیٹیکل جے اے سی کودنڈارام کا بیان
حیدرآباد۔24 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدرنشین تلنگانہ پولیٹکل جے اے سی پروفیسر کودنڈارام نے ٹی آر ایس حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے بعد ٹی آر ایس عوامی ایجنڈے سے منحرف ہوچکی ہے اور صرف پارٹی کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پروفیسر کودنڈارام نے کہا کہ جے اے سی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس اتوار کو منعقد ہوگا جس میں تلنگانہ میں مختلف شعبوں سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں کسان مختلف مسائل کا شکار ہیں اور حکومت صرف تیقنات سے کام لے رہی ہے۔ کودنڈارام نے کہا کہ تلنگانہ تحریک کے دوران ٹی آر ایس نے عوامی توقعات کے مطابق کام کرنے اور سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کا اعلان کیا تھا، لیکن اقتدار ملتے ہی عوامی مسائل پس پشت ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور اس کے نمائندے جے اے سی کی جانب سے اٹھائے گئے سوالات کا جواب دینے کے بجائے تنقیدوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ جو کوئی بھی حکومت پر تنقید کرے اس پر الزام تراشی برسر اقتدار پارٹی قائدین کی عادت بن چکی ہے۔ انہوں نے حکومت اور برسر اقتدار پارٹی کے انداز کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے شہری حقوق کی تنظیموں کی جدوجہد ضروری ہے۔ جب تک غیر سیاسی تنظیمیں مضبوط رہیں گی اس وقت تک جمہوریت بھی مستحکم رہے گی۔ کودنڈارام نے کہا کہ چیف منسٹر کے پاس عوام سے ملاقات کے لئے وقت نہیں ہے اور عوام مسائل کے حل کے لئے اسمبلی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ اسمبلی کی کارروائی کو غیر اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کودنڈارام نے کہا کہ اسمبلی میں فیصلے نہیں بلکہ صرف مباحث ہورہے ہیں۔ جب تک حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے فیصلے نہیں کرتی اس وقت تک اسمبلی اجلاس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ واضح رہے کہ حالیہ عرصہ میں کسانوں اور مزدوروں کے مسائل پر کودنڈارام نے جدوجہد کا آغاز کیا اور وہ مختلف اضلاع کا دورہ کرتے ہوئے مسائل کی سماعت کررہے ہیں۔ برسر اقتدار پارٹی نے انہیں کانگریس اور تلگودیشم کا ایجنٹ قرار دیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT