Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن میں تقررات

تلنگانہ سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن میں تقررات

کوئی انٹرویو نہیں ہوگا ۔ امتحان میں بہتر نمبرات کا حصول ضروری
حیدرآباد ۔ /17 نومبر (سیاست نیوز)  تلنگانہ اسٹیٹ سدن پاور ڈسٹریبیوشن کارپوریشن لمیٹیڈ کی جانب سے مستقبل قریب میں کئے جانے والے 201 جائیدادوں پر تقررات کیلئے کوئی انٹرویو نہیں ہوگا بلکہ /22 نومبر کو منعقد ہونے والے امتحانات میں بہترین نمبرات حاصل کرنے والے امیدواروں کے انتخاب کی راہیں ہموار ہوں گی ۔ جناب کمال الدین علی خان ڈائرکٹر ایچ آر ٹی ایس ایس پی ڈی سی ایل نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ /22 نومبر کے امتحانات کے سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گیئں ہیں اور امتحانی نتائج کے فوری بعد قوانین و ضوابط کے مطابق تقررات کا عمل شروع ہوجائے گا ۔ تقررات کیلئے کوئی انٹرویو منعقد نہیں ہوگا بلکہ اعلیٰ نشانات حاصل کرنے والے امیدواروں کو ترجیح دی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ 201 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے 35442 امیدوار امتحان تحریر کرنے کے اہل قرار پائے ہیں جن کیلئے /22 نومبر کو شہر کے مختلف مقامات پر قائم کئے گئے 38 امتحانی مراکز پر تحریری امتحان منعقد ہوگا ۔ امیدوار ہال ٹکٹس ، ویب سائیٹس کے ذریعہ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں ۔ ہال ٹکٹ کے حصول کیلئے www.tssouthernpower.com اور tssouthernpower.cgg.gov.in پر ڈاؤن لوڈ کئے جاسکتے ہیں ۔ جناب کمال الدین علی خان نے بتایا کہ مختلف شکایات کے حصول کے بعد tsspdcl نے اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ امیدواروں کو درمیانی افراد کے چنگل سے بچانے اور جعل سازوں کی سرگرمیوں کو روکنے کیلئے ہیلپ لائین نمبر شروع کیا جائے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگر کوئی شخص  یا اشخاص تقررات کے سلسلے میں کسی قسم کی پیروی کا پیشکش کررہا ہو تو امیدوار اس کے متعلق فون نمبر 8332983914 پر شکایات درج کرواسکتے ہیں ۔ ڈائرکٹر tsspdcl نے بتایا کہ 38 مراکز پر ہونے والے امتحانات کی نگرانی کیلئے 38 خصوصی نگرانکاروں کو متعین کیا جارہا ہے ۔ علاوہ ازیں یونیورسٹی کی جانب سے فراہم کئے جانے والے ممتحن کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی ۔ جناب کمال الدین علی خان نے بتایا کہ /22 نومبر کو 10.30 تا 12.30 بجے منعقد ہونے والے امتحانات کے سلسلے میں تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گیئں ہیں اور توقع ہے کہ امتحان کے اندرون ایک ہفتہ محکمہ کی جانب سے Key جاری کی جائے گی اور قطعی نتائج اندرون 15 یوم جاری کرنے کے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔

TOPPOPULARRECENT