Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ عازمین حج کی روانگی کا عمل مکمل ‘ 8 قافلے روانہ

تلنگانہ عازمین حج کی روانگی کا عمل مکمل ‘ 8 قافلے روانہ

حیدرآباد۔/4ستمبر، ( سیاست نیوز) حج 2015 کیلئے آج تلنگانہ کے عازمین کی روانگی کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ 2ستمبر سے آج تک جملہ 8 قافلے روانہ ہوئے جن میں 2720 عازمین حج جدہ پہنچ گئے۔ اس طرح تلنگانہ کے عازمین حج کی روانگی کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ کل 5ستمبر سے آندھرا پردیش کے عازمین کی روانگی کا آغاز ہوگا۔ 8ستمبر کو کرناٹک کے 4اضلاع سے تعلق رکھنے والے عازمین روانہ ہوں گے۔ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے ایر انڈیا کی خصوصی پروازوں کے ذریعہ 8قافلوں کو مقررہ شیڈول کے مطابق روانہ کیا گیا اور کسی بھی فلائیٹ کی روانگی میں تاخیر نہیں ہوئی۔ ہر فلائیٹ میں 340عازمین کی روانگی عمل میں آئی۔ آج ایر انڈیا کی 2 پروازیں روانہ ہوئیں، ایک صبح 9بجکر 10منٹ پر اور دوسری شام 4بجکر 10منٹ پر جدہ کیلئے روانہ ہوئیں۔ ان قافلوں کو صبح اور دوپہر میں اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور اور دیگر عہدیداروں نے وداع کیا۔ دوپہر کی فلائیٹ کے عازمین چونکہ نماز جمعہ سے قبل ایر پورٹ کیلئے روانہ ہوچکے تھے لہذا حج ٹرمنل میں نماز جمعہ اور لنچ کا انتظام کیا گیا تھا۔ دونوں قافلوں کی روانگی کے موقع پر حج ہاوز میں رشتہ داروں اور دوست احباب کی کثیر تعداد موجود تھی۔ کل 5ستمبر کو تین قافلے روانہ ہوں گے اور قافلے میں340 عازمین کی گنجائش رہے گی۔ آندھرا پردیش کے وزیر اقلیتی اُمور ڈاکٹر پلے رگھوناتھ ریڈی اور اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود شیخ محمد اقبال، رکن قانون ساز کونسل آندھرا پردیش احمد شریف اور دیگر قائدین آندھرا پردیش کے دوسرے قافلے کو صبح کی اولین ساعتوں میں وداع کریں گے۔ 6ستمبر کو بھی 3 فلائیٹس روانہ ہوں گی جبکہ 7اور 8ستمبر کو ایک، ایک فلائیٹ جدہ کیلئے پرواز کرے گی۔ تلنگانہ کے عازمین حج کی روانگی کا عمل مکمل ہونے پر حج کمیٹی کے حکام نے اطمینان کی سانس لی ہے اور اقلیتی بہبود کے عہدیداروں نے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔

TOPPOPULARRECENT