Saturday , August 19 2017
Home / Top Stories / تلنگانہ عازمین حج کے کوٹہ میں اضافہ کیلئے اقدامات

تلنگانہ عازمین حج کے کوٹہ میں اضافہ کیلئے اقدامات

مرکزی وزیر اقلیتی امور نجمہ ہپت اللہ کا ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی کو تیقن
حیدرآباد۔ 4 ۔ اپریل ( سیاست نیوز) مرکزی وزیر اقلیتی امور ڈاکٹر نجمہ ہپت اللہ نے ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمود علی کو تیقن دیا کہ تلنگانہ کیلئے عازمین حج کے کوٹہ میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ جناب محمود علی نے آج نئی دہلی میں نجمہ ہپت اللہ سے ملاقات کی اور اس سلسلہ میں یادداشت پیش کی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال کے مقابلہ جاریہ سال حج کوٹہ میں کمی کردی گئی۔ تلنگانہ میں دو محفوظ زمروں کے منتخب عازمین حج کے سوا صرف 325 عازمین حج کیلئے قرعہ اندازی کی گئی اور ہزاروں درخواست گزار محروم ہوگئے۔ جناب محمود علی نے تلنگانہ کیلئے کم از کم 1000 عازمین حج کا خصوصی کوٹہ الاٹ کرنے کی اپیل کی۔ نجمہ ہپت اللہ نے تیقن دیا کہ وہ اس سلسلہ میں وزیراعظم نریندر مودی سے بات چیت کریں گی اور وزیراعظم کے خصوصی کوٹہ سے تلنگانہ کو حصہ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت اقلیتوں کی بھلائی کیلئے جو اقدامات کر رہی ہے، قابل ستائش ہے۔ انہوں نے جناب محمود علی کی ستائش کی اور کہا کہ وہ اقلیتوںکی ترقی کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ محمود علی میرے بھائی کی طرح ہیں اور انہوں نے ہمیشہ اقلیتوں کیلئے مجھ سے بات چیت کی۔ واضح رہے کہ کل 5 اپریل کو نئی دہلی میں تمام ریاستوں کے وزرائے اقلیتی بہبود کا اجلاس طلب کیا گیا ہے ۔ جناب محمود علی اس اجلاس میں مرکزی اسکیمات میں تلنگانہ کیلئے زائد حصہ داری کیلئے نمائندگی کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT