Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں اقلیتوں کے 70 اقامتی اسکولس کا قیام

تلنگانہ میں اقلیتوں کے 70 اقامتی اسکولس کا قیام

میسکو کے دو پراجکٹس کی عمارت کا سنگ بنیاد، جناب محمود علی ڈپٹی چیف منسٹر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 فبروری (پریس نوٹ) تلنگانہ میں اقلیتوں کیلئے 70 اقامتی اسکولس قائم کئے جائیں گے جس کیلئے 2000 کروڑ روپئے کا بجٹ مختص ہوگا۔ ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی نے یہ بات بتائی۔ وہ آج سہ پہر گنڈی پیٹ کے قریب بلقیس میموریل بلڈنگ کے تنصیب سنگ بنیاد کی تقریب سے مخاطب تھے جو میسکو کے زیراہتمام منعقد کی گئی۔ صدر میسکو ڈاکٹر شمشاد حسین نے صدارت کی۔ شہ نشین پر ڈاکٹر احمد عبدالحئی سرپرست اسوسی ایشن آف مسلم ڈاکٹرس پٹنہ، ڈاکٹر فخرالدین محمد سکریٹری میسکو، ڈاکٹر افتخار حسین، ڈاکٹر رفیق، ڈاکٹر سمیع اللہ خان بھی موجود تھے۔ جناب محمد محمود علی نے تعلیم کی افادیت پر سیر حاصل تقریر کی اور اقلیتوں کی تعلیم کیلئے حکومت تلنگانہ کے اقدامات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ چیف منسٹر کے سی آر کا یہ احساس ہیکہ اقلیتوں کی ترقی کیلئے تعلیم ضروری ہے۔ ڈاکٹر شمشاد حسین صدر میسکو نے اپنی اہلیہ مرحومہ بلقیس مرحومہ کی یاد میں پانچ ایکڑ رقبے پر میسکو کا کالج آف ایجوکیشن اور میسکو ڈی پی ایس ورلڈ فاونڈیشن کے قیام کیلئے دو کروڑ روپئے کا عطیہ دیا ہے۔ اگلے ایک سال میں یہ عمارت مکمل ہوجائے گی، جس کے بعد تعلیمی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا۔ جناب فخرالدین محمد نے جناب شمشاد حسین کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے میسکو کی خدمات پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ 3000 روپئے کے معمولی سرمایہ سے 1982ء میں 150 مسلم ڈاکٹرس نے میسکو کی بنیاد ڈالی تھی۔ آج میسکو ہندوستان کی 19 ریاستوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس کے تحت تعلیمی ادارے قائم ہیں۔ قرآن فہمی، عربی دانی، علمائے کرام کیلئے انگریزی دانی کے ساتھ طلبہ کیلئے تیسویں پارہ کی تحفیظ کے اقدامات کئے گئے ہیں۔ میسکو امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتی ہے۔ آفات سماوی و انسانی سے متاثرہ علاقوں میں امداد راحت رسانی اور بازآباد کاری کے کاموں کیلئے میسکو کی خدمات مسلمہ ہے۔ ڈاکٹر افتخار الدین نے شکریہ ادا کیا۔

TOPPOPULARRECENT