Sunday , September 24 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں بارش سے وبائی امراض پھیلنے کے خدشات

تلنگانہ میں بارش سے وبائی امراض پھیلنے کے خدشات

سوائن فلو میں بھی اضافہ ، شہریوں کو صحت کا خیال رکھنے کی ضرورت
حیدرآباد ۔  9  ستمبر  (سیاست  نیوز) ریاست تلنگانہ میں جاری ہلکی تیز بارش اور موسم میں آرہی یکسر تبدیلیوں سے وبائی امراض پھیلنے کے خدشات میں بھی اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں مختلف مقامات پر وقفہ وقفہ سے ہورہی بارش اور شدید دھوپ اور گرمی کے سبب مختلف وبائی امراض کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جانے لگا ہے ۔ گزشتہ ماہ اگست کے دوران ریاست میں سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد میں اچانک ہوئے اضافہ کے باعث حالات  مزید ناگفتہ بہ ہوتے جارہے ہیں۔ موسم میں آرہی تیز رفتار تبدیلیوں کی صورت میں عوام کو چاہئے کہ وہ معصوم بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے کیلئے خصوصی اقدامات کریں۔ گزشتہ یوم سوائن فلو کی علامات سے متاثرہ افراد گاندھی ہاسپٹل سے رجوع ہوئے اور مزید پانچ ٹسٹ مثبت پائے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ 32 سالہ حاملہ خاتون جو کہ سوائن فلو وائرس سے متاثر تھی ، اسے دواخانہ سے رجوع کیا گیا جہاں آپریشن کے  بعد متاثرہ خاتون نے جڑواں بچوں کو جنم دیا۔ ڈاکٹرس کا کہنا ہے کہ نو مولود بچے وائرس سے متاثر نہیں ہیں۔ خاتون کو سخت نگہداشت والے کمرے میں رکھتے ہوئے سوائن فلو کا علاج کیا جارہا ہے ۔ ڈاکٹر کے نرسمہلو نوڈل آفیسر گاندھی ہاسپٹل نے اس 32 سالہ سوائن فلو سے متاثرہ مریض کی توثیق کی ۔ ڈاکٹر جی سرینواس راؤ نے بتایا کہ ریاست میں سوائن فلو کو پھیلنے سے روکنے کیلئے سوائن فلو کی بروقت تحقیق کے لئے ڈائیگناسٹک کٹس اور ادویات فراہم کئے جارہے ہیں اور جو مریض خانگی دواخانوں سے رجوع ہورہے ہیں، انہیں بھی مفت کٹس کی فراہمی کے علاوہ ادویات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔ گذشتہ ایک ماہ کے دوران گاندھی ہاسپٹل سے 21 مریضوں میں صرف 4 کا تعلق دیگر اضلاع سے رہا جبکہ 19 مریض حیدرآباد و رنگا ریڈی کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے تھے جنہیں بہتر سے بہتر علاج کے بعد ڈسچارج کیا گیا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں گاندھی ہاسپٹل کے علاوہ فیور ہاسپٹل میں بھی سوائن فلو کے علاج کے لئے خصوصی نگہداشت والا کمرہ تیار کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹنے کے اقدامات یقینی بنایا جاسکے۔ موسم باراں کے آغاز کے ساتھ ہی ہورہی ہلکی اور تیز بارش کے سبب مختلف وبائیں پھوٹ سکتی ہیں، اسی لئے اطراف و اکناف کے ماحول کو پاک و صاف بنائے رکھنے کے اقدامات کئے جانا ضروری ہے۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ساتھ ساتھ عوام پر بھی اس بات کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، رہائشی علاقوں میں کچرے کے انبار نہ لگنے دیں چونکہ اس طرح کے کچرے کے انبار وبائی امراض کا موجب بن سکتے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT