Tuesday , October 24 2017
Home / Top Stories / تلنگانہ میں خشک سالی پر وزیراعظم کی آج کے سی آرسے بات چیت

تلنگانہ میں خشک سالی پر وزیراعظم کی آج کے سی آرسے بات چیت

ملک کی 11ریاستوں میں قحط سالی کا جائزہ لینے مودی کی مساعی ‘ چیف منسٹر مدھیہ پردیش بھی مدعو
نئی دہلی ۔ 9مئی ( پی ٹی آئی ) وزیراعظم نریندر مودی نے قحط سالی سے متاثرہ 11ریاستوں  کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے کی مساعی کے ایک حصہ کے طورپر تلنگانہ اور مدھیہ پردیش کے چیف منسٹروں کو کل منگل کو بات چیت کیلئے مدعو کیا ہے ۔ ذرائع نے آج یہاں کہا کہ وزیر اعظم مودی کل یہاں تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان سے علحدہ علحدہ ملاقات کریں گے ۔ ملک میں قحط سالی سے متاثرہ 11ریاستوں کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لینے وزیراعظم کی مساعی کے ایک حصہ کے طور پر ان دونوں چیف منسٹروں سے یہ ملاقات کی جارہی ہے ۔ وزیراعظم  اس ضمن میں اترپردیش ‘ مہاراشٹرا اور کرناٹک کے چیف منسٹروں سے ہفتہ کو ملاقات کرچکے ہیں ۔چیف منسٹروں کے اجلاس میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ قحط سالی کے سبب عوام کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے مرکز اور ریاستوں کو مشترکہ اقدامات کرنا چاہیئے ۔ انسداد خشک سالی کیلئے وزیراعظم نے وسط اور طویل مدتی حل تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا ۔ انہوں نے پانی کی بچت اور منصوبہ بندی کیلئے ریموٹ سینسنگ اور سیٹلائیٹ تصویرکشی سے متعلق جدید ٹکنالوجی کے موثر استعمال کا مشورہ دیا تھا ۔ وزیراعظم مودی نے پانی کے استعمال کو موثر بنانے کیلئے کسان برادری بالخصوص خواتین کی شمولیت کے ساتھ ڈرپ اور اسپرنکلر آبپاشی کے طریقے اپنانے کی اہمیت کو اُجاگر کرتے ہوئے کہا تھا کہ سائنسی مشوروں کی بنیاد پر فصلوں کے طریقہ کار میں تبدیلی پر بھی زور دیا تھا ۔ وزیراعظم نے خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں ٹینکروں کے ذریعہ پانی کی فراہمی کے کاموں کی جی پی ایس کے ذریعہ نگرانی کی ہدایت بھی کی تھی ۔ تلنگانہ کے کئی علاقے گذشتہ تین سال سے ناکافی بارش کے سبب بدترین خشک سالی سے دوچار ہیں ۔ رواں سال فصلوں کو پانی کی سربراہی کے علاوہ بعض مقامات پر پینے کے پانی کی سربراہی بھی سنگین مسئلہ بنی ہوئی ہے جس کے سبب چیف منسٹر اور ان کی حکومت‘ اپوزیشن کی سخت تنقیدوں کا سامنا کررہے ہیں ۔

Top Stories

TOPPOPULARRECENT