Thursday , April 27 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں سوائن فلو کے مریضوں میں اضافہ۔رواں سال میں 12افراد کی موت

تلنگانہ میں سوائن فلو کے مریضوں میں اضافہ۔رواں سال میں 12افراد کی موت

حیدرآباد۔ 16۔ فروری۔ ( یو این آئی) تلنگانہ میں سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ گزشتہ دو دنوں کے دوران 137 نمونوں کی جانچ کی گئی جن میں 39 سوائن فلو سے مثبت پائے گئے ۔ 25 دنوں میں 352 افراد اس وائرس سے متاثر ہوئے ۔ اس سال اب تک 426 افراد سوائن فلو سے متاثر ہوئے جن میں 12 کی موت ہوگئی ۔ گزشتہ سال یکم اگست سے اس سال 15 فروری تک 4622 خون کے نمونوں کی جانچ کی گئی ۔ 521 سوائن فلو کے معاملات درج کئے گئے ۔ حیدرآباد کے گاندھی اسپتال میں اب تک اس سال سوائن فلو سے مرنے والوں کی تعداد دس ہوگئی ۔ ضلع رنگاریڈی میں سوائن فلو کے 231 معاملات درج کئے گئے ہیں۔ حیدرآباد دوسرے مقام پر رہا ۔ دن کے اوقات میں درجہ حرارت میں اضافہ کے باوجود سوائن فلو کا وائرس ختم نہیں ہوا۔ حیدرآباد اور رنگاریڈی میں سوائن فلو کے معاملات گزشتہ کئی دنوں سے درج کئے گئے ہیں۔ سوائن فلو کے متاثر ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ کا خدشہ ہے ۔کئی مریض پرائیویٹ اور سرکاری اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ شہریوں سے خواہش کی گئی ہے کہ وہ اپنے ہاتھ دھوتے رہیں اور سردی ہونے پر گھروں میں ہی محدود رہیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ صحت و طبابت نے اپنے پریس ریلیز میں کہا کہ ٹیچنگ اسپتالوں ‘ ڈسٹرکٹ اسپتالوں اور ایریا اسپتالوں میں دواوں کا مناسب اسٹاک رکھا گیا ہے ۔ مریضوں کو پرائیویٹ اسپتالوں میں مفت جانچ کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا کہ وہ وہ شدید بخار ‘ چھینک ‘کھانسی اور بدن درد جیسی سوائن فلو کی علامات پر اسپتال سے رجوع ہوں ۔ شہری ‘ پرہجوم مقامات میں جانے سے گریز کریں ‘ وقفہ وقفہ سے اپنے ہاتھ دھوتے رہیں ‘ہاتھ ملانے سے گریز کریں’ چھینک یا کھانسی آنے پر اپنے منہ پر ہاتھ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ اسپتالوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ سوائن فلو کی مشتبہ علامات کے ساتھ آنے والے مریضوں کا معائنہ کیا جائے ۔ ان کو علحدہ وارڈ میں رکھا جائے اور نمونوں کو انسٹی ٹیوٹ آف پریونٹیو میڈیسن بھیجا جائے ۔ پرائیویٹ اسپتال نہ جانے کے خواہشمند مریضوں کو گاندھی اسپتال بھیجا جائے ۔ اسپتالوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سوائن فلو کے مشتبہ مریضوں کو علحدہ رکھنے کے اقدامات کریں۔ ہومیو پتھی ڈاکٹرس نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ہومیوپتھی ڈاکٹرس کی نگرانی میں احتیاطی اقدام کے طور پر ہومیوپتھی دوائیں حاصل کریں۔ سرکاری ہومیوپتھی اسپتال رامنتاپور اور آیوش کی تمام ڈسپنسریز میں یہ دوائیں مفت دستیاب ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT