Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں مانسون مزید سرگرم، شدید بارش متوقع

تلنگانہ میں مانسون مزید سرگرم، شدید بارش متوقع

حیدرآباد 3 اگسٹ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں مانسون مزید سرگرم ہوگیا ہے۔ آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران شدید بارش کا امکان ہے۔ کل شمال مغربی خلیج بنگال پر ہوا کے دباؤ میں کمی اور پڑوسی ریاستوں اڑیسہ اور مغربی بنگال کے ساحلی علاقوں میں بارش کے بعد چھتیس گڑھ اور ہمسایہ علاقوں میں بھی ہوا کا دباؤ بتدریج کم ہوتا جارہا ہے۔ اس کی وجہ سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید بارش ہوسکتی ہے۔ ساحلی آندھرا کے جنوب مغرب میں بھی مانسون سرگرم ہوگیا ہے۔ اس کے دباؤ کے باعث سریکاکلم، وجیانگرم، وشاکھاپٹنم، مغربی و مشرقی گوداوری کے علاوہ دیگر علاقوں میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ ساحلی آندھرا اور تلنگانہ میں کئی مقامات پر تیز اور ہلکی بارش ہوگی۔ آئندہ 5 دن کے دوران موسم اِسی طرح سرد ہواؤں کے ساتھ برقرار رہے گا۔ اِسی دوران محکمہ موسمیات نے بتایا کہ تلنگانہ پر جنوب مغربی مانسون سرگرم ہوگیا ہے۔ شمال مغربی خلیج بنگال پر ہوا کے دباؤ کا اثر تلنگانہ میں دیکھا جائے گا۔ اس کی وجہ سے عادل آباد، نظام آباد، کریم نگر، ورنگل، کھمم اور دیگر مقامات پر کہیں تیز اور ہلکی بارش ہوگی۔ دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں آج دن بھر موسم ابرآلود اور سرد رہا ۔ وقفہ وقفہ سے ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ رات دیر گئے تک جاری رہا۔ موسم کی یہ صورتحال آئندہ 24 گھنٹوں تک برقرار رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ شہر میں درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 28 ڈگری اور کم سے کم 22 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

TOPPOPULARRECENT