Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں مثالی امن و امان اورہم آہنگی

تلنگانہ میں مثالی امن و امان اورہم آہنگی

نمائش سوسائٹی کی تقسیم ایوارڈ تقریب ‘ محمود علی اور دیگر کا خطاب

حیدرآباد ۔ 13فبروری ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں امن و امان اور ہم آہنگی سارے ملک کیلئے ایک مثال بن چکی ہے ۔ یہاں انتہائی خوشگوار اور سازگار ماحول پایا جاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر محمود علی نے آج نمائش سوسائٹی کی تقسیم ایوارڈ تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ اس پروگرام میں صدر سوسائٹی و ریاستی وزیر فینانس ایٹالہ راجندر ‘ ریاستی وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی اور دیگر بھی موجود تھے ۔ مسٹر محمود علی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی کاوشوں کے سبب آج ریاست میں ہر طرف امن و امان قائم ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم اور صحت کو اولین ترجیح دیتی ہے ۔ حیدرآباد کی نمائش کو ملک بھر میں انفرادیت حاصل ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش سوسائٹی کی خواہش کو پیش نظر رکھتے ہوئے چیف منسٹر نے 99سال کی لیز کو منظوری دی جس کے تحت یہ اراضی سوسائٹی کے حوالے کردی جائے گی ۔ انہوں نے نوٹ بندی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہاں جن تاجرین نے اسٹالس لگائے ان کے مطالبہ پر ہمدردانہ غور کیا جانا چاہیئے ۔ نوٹ بندی کی وجہ سے تاجرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور وہ نمائش کے ایام میں مزید توسیع کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ریاستی وزیر داخلہ نرسمہا ریڈی نے نمائش سوسائٹی کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے فوری اراضی لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ۔ صدر سوسائٹی ایٹالہ راجندر نے کہا کہ نوٹ بندی کے سبب تبدیل شدہ حالات میں بھی تقریباً 20لاکھ افراد نے نمائش کا مشاہدہ کیا اور خریداری بھی کی ۔انہوں نے کہا کہ یہ نمائش حیدرآبادی عوام کیلئے ایک تہوار بن چکی ہے ۔ اس موقع پر سوسائٹی کی زیرنگرانی چلائے جارہے اداروں کے طلباء و طالبات میں ایوارڈز تقسیم کئے گئے ۔ نمائش میں لگائے گئے اسٹالس اور مختلف خدمات انجام دینے والوں کو بھی ایوارڈس دیئے گئے ۔ اس موقع پر سوسائٹی کے ذمہ داران بھی موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT