Saturday , August 19 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں میڈیکل کی 450 نشستوں کا اضافہ

تلنگانہ میں میڈیکل کی 450 نشستوں کا اضافہ

3 نئے میڈیکل کالجس کو ایم سی آئی کی اجازت کے بعد داخلوں کی راہ ہموار
حیدرآباد۔ 16 ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں مزید تین میڈیکل کالجس کو داخلہ کی اجازت حاصل ہونے کے بعد جملہ نشستوں میں 450نشستوں کا اضافہ ہوا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں تین نئے میڈیکل کالجس کو میڈیکل کونسل آف انڈیا کی جانب سے اجازت نہ دیئے جانے کے بعد اب ان کالجس کو سپریم کورٹ کی جانب سے ایم سی آئی کی لازمی نگرانی کرنے والی کمیٹی نے دوسرا موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ریاست تلنگانہ میں موجود ان تین میڈیکل کالجس میں فی کالج 150نشستوں پر داخلہ فراہم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ میڈیکل کونسل نے چند ماہ قبل ان کالجس میں بنیادی انفراسٹرکچر اورعملہ کی عدم موجودگی کی بنیاد پر اجازت کیلئے داخل کردہ درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ سپریم کورٹ کمیٹی کی جانب سے کئے گئے فیصلہ کے مطابق اب آر وی ایم میڈیکل کالج(میدک) مہاویر انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (رنگاریڈی) اور مہیشورا میڈیکل کالج (پٹن چیرو) کو 150ایم بی بی ایس نشستوں پر داخلہ حاصل کرنے کی اجازت فراہم کر دی گئی ہے۔ ریاست تلنگانہ میں ایمسیٹ۔IIکے پرچہ کے افشاء کے بعد اسے کالعدم قرار دیئے جانے اور ایمسیٹ۔IIIکے انعقاد کا ریاست کے طلبہ کو زبردست فائدہ حاصل ہونے کے امکانات میں اضافہ ہوتا نظر آرہا ہے۔ ایمسیٹ۔IIIتحریر کرنے والے طلبہ ان کالجس کی کنوینر نشستوں میں داخلہ کے اہل ہوں گے جبکہ NEET-IIمیں کامیاب ہونے والے طلبہ ان کالجس کی منیجمنٹ نشستوں پر داخلہ کے اہل ہوں گے۔ان تین کالجس کواجازت فراہم کئے جانے کے بعد ریاست تلنگانہ میں موجود میڈیکل نشستوں کی تعداد 1900سے بڑھ کر2350تک پہنچ چکی ہے جس کا راست فائدہ طلبہ کو ہوگا۔ ریاست تلنگانہ میں تین میڈیکل کالجس کو دی گئی اجازت کے متعلق میڈیکل کونسل آف انڈیا کے ذمہ داروں کا کہنا ہے کہ معائنہ کا دوسرا موقع فراہم کئے جانے کی بنیاد پر یہ اجازت فراہم کی گئی ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ اگلے معائنے سے قبل ان کالجس انتظامیہ کی جانب سے نقائص کو دور کر لیا جائے گا اور جلد از جلد درکار عملہ کے تقرر کے علاوہ انفراسٹرکچر کی سہولتوں کو بہتر بنایا جائے گا اور ان شرائط کی بنیاد پر ہی داخلوں کی اجازت فراہم کی جا رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ میڈیکل کونسل آف انڈیا کی جانب سے ٹیم ان کالجس میں ستمبر کے اواخر میں معائنہ کرے گی اور سہولتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ میڈیکل نشستوں میں اضافہ سے ریاست کے ان طلبہ کو زبر دست فائدہ حاصل ہوگا جو ایمسیٹ۔IIIتحریر کرنے جا رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT