Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں نئے اضلاع کیلئے کابینی سب کمیٹی کی تشکیل

تلنگانہ میں نئے اضلاع کیلئے کابینی سب کمیٹی کی تشکیل

کمیٹی کو سفارشات پیش کریں گی ، چیف سکریٹری راجیو شرما کے احکامات
حیدرآباد ۔ 10۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے نئے اضلاع کی تشکیل کے سلسلہ میں کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے ۔ ڈپٹی چیف  منسٹر محمد محمود علی کی صدارت میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے ۔ سب کمیٹی کے ارکان میں ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری ، وزیر فینانس ای راجندر ، وزیر عمارت و شوارع ٹی ناگیشور راؤ اور وزیر پنچایت راج و دیہی ترقی جوپلی کرشنا راؤ شامل ہیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری ریونیو ڈپارٹمنٹ کمیٹی کے کنوینر ہوں گے ۔ چیف کمشنر لینڈ ایڈمنسٹریشن اس کمیٹی کے سکریٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دیں گے۔ حکومت نے کابینی سب کمیٹی کے ذمہ جن امور سے متعلق سفارشات پیش کرنے کا کام تفویض کیا ہے، ان میں نئے اضلاع کی تعداد، اضلاع کی کارکردگی کیلئے عارضی انتظامات، انفراسٹرکچر سہولتیں بشمول دفاتر کی دستیابی، زونل سسٹم کے اعتبار سے ملازمین کا الاٹمنٹ، نئے اضلاع کیلئے محکمہ جات کی تنظیم جدید کے لئے رہنمایانہ خطوط اور دیگر امور شامل ہوں گے۔ کابینی سب کمیٹی اندرون ایک ہفتہ حکومت کو اپنی رپورٹ پیش کردے گی۔ کمیٹی کی تشکیل کے فوری بعد پہلا اجلاس آج منعقد ہوا جس میں نئے اضلاع کی تشکیل کے سلسلہ میں سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کے بعد کل جمعرات کو 11 بجے دن تمام ضلع کلکٹرس سے اس مسئلہ پر مشاورت اور رائے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمیٹی بعد میں تمام سرکاری محکمہ جات کے پرنسپل سکریٹریز سے مشاورت کرے گی۔ واضح رہے کہ حکومت میں موجودہ اضلاع کی تعداد میں پانچ کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ تاہم سب کمیٹی کی رپورٹ کے بعد تعداد اور طریقہ کار کو قطعیت دی جائے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ نئے اضلاع کے قیام کے سلسلہ میں حکومت پر پارٹی کے قائدین کی جانب سے زبردست دباؤ ہے۔ موجودہ اضلاع کی تنظیم جدید کے سلسلہ میں کئی رکاوٹوں کا سامنا ہے اور بعض ارکان اسمبلی اپنے علاقہ کو ضلع کا درجہ دینے کی مانگ کر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT