Monday , August 21 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں نوجوانوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم فراہمی کے اقدامات

تلنگانہ میں نوجوانوں کیلئے بہترین پلیٹ فارم فراہمی کے اقدامات

حکمت عملی پر غور و خوض، ای سمٹ سے جیش رنجن اور دیگر کا خطاب
حیدرآباد 21 فروری (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نوجوانوں کو مواقع فراہم کرتے ہوئے اُنھیں بہترین پلیٹ فارم کی فراہمی کی منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ مسٹر جیش رنجن آئی اے ایس نے آج ای سمٹ 2016 سے خطاب کے دوران یہ بات کہی۔ انھوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے نوجوانوں میں موجود صلاحیتوں کو اُبھارنے کے لئے نئی حکمت عملی تیار کی جارہی ہے تاکہ نوجوان عالمی معیار کے تجارتی مراکز سے وابستہ ہوتے ہوئے تجارتی میدان میں ترقی کرسکیں۔ واسوی کالج آف انجینئرنگ کی جانب سے عثمانیہ یونیورسٹی میں منعقدہ ای سمٹ 2016 میں مسٹر جیش رنجن کے علاوہ مسٹر پی رام موہن راؤ، ڈاکٹر جئے شنکر، مسٹر جی وی رمنا مورتی، ڈاکٹر ٹی رام موہن راؤ کوآرڈی نیٹر، مسٹر سشی چملا اور دیگر موجود تھے۔ مسٹر جیش رنجن نے بتایا کہ حکومت تلنگانہ نے ریاست میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لئے متعدد اقدامات کئے ہیں۔ علاوہ ازیں نئی صنعتوں کے آغاز کے لئے منفرد پالیسی روشناس کروائی ہے۔ اسی کے ساتھ حکومت کی جانب سے ٹی ہب کے قیام کے ذریعہ صنعت کاروں و سرمایہ کاروں کو یکجا کرنے کی حکمت عملی تیار کی گئی ہے جوکہ کامیاب ثابت ہورہی ہے۔ مسٹر جیش رنجن نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے اپنے ساتھ ملک اور ریاست کی ترقی کی راہیں ہموار کریں۔ مسٹر پی رام موہن راؤ نے اِس موقع پر اپنے خطاب کے دوران ہندوستان میں نوجوانوں کی اہمیت اور نوجوان نسل کے ملک کی ترقی میں کلیدی کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ آج دنیا بھر کے ممالک ہندوستان کی طرف متوجہ ہیں جس کی بنیادی وجہ ہندوستان میں نوجوانوں کی اکثریت ہے۔ اُنھوں نے طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ ملک کی ترقی اور صنعتوں کے قیام پر بھی توجہ مبذول کریں تاکہ ملک کے مستقبل کو تابناک بنانے میں وہ اپنا کردار ادا کرسکیں۔ اُنھوں نے بتایا کہ ہندوستان میں نوجوان نسل کو مواقع فراہم کئے جانے کی صورت میں وہ کافی آگے بڑھ سکتے ہیں چونکہ ماضی قریب میں ہندوستانی نوجوانوں نے عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کو منوانے میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ہے۔ اِس پروگرام کے دوران ملک کے مختلف مقامات سے آئے نوجوان تاجرین بالخصوص آئی ٹی صنعت سے وابستہ کامیاب نوجوانوں نے اپنے تجربات پیش کئے جن میں مسٹر ڈی نائیڈو، مسٹر رمیش، مسز رما دیوی، مسز اینی وجئے، مسٹر آر سرینواسن، مسٹر امیت چکا لنگم، پنکج دیوان کے علاوہ سائی ناتھ گپتا اور کئی دیگر شامل ہیں۔

TOPPOPULARRECENT