Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں چیف منسٹر کے سی آر کی بے دخلی تک جدوجہد جاری رہے گی

تلنگانہ میں چیف منسٹر کے سی آر کی بے دخلی تک جدوجہد جاری رہے گی

حکومت پر عوام کو دھوکہ دینے کا الزام ، کارگذار صدر تلگو دیشم ریونت ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 26 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ میں صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو اقتدار سے بیدخل کرنے تک ریاست میں تلگو دیشم پارٹی کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ کارگذار صدر تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی نے اس بات کا اعلان کیا اور بتایا کہ ٹی آر ایس زیر قیادت تلنگانہ حکومت نے عوام کو دھوکہ دے کر اقتدار حاصل کیا اور انتخابات کے موقع پر تلنگانہ راشٹرا سمیتی بالخصوص چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عوام سے جو وعدے کئے اور جو تیقنات دئیے ان میں سے کسی ایک کو بھی پورا نہیں کیا ۔ مسٹر ریونت ریڈی منی مہاناڈو کے سلسلہ میں منعقدہ جلسہ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی ، تلنگانہ مٹی منادیرا ( تلنگانہ کی مٹی ہم سب کی ہے ) تلگو دیشم پارٹی ہم سب کی ہے ( تلگو دیشم پارٹی منادیرا ) کے نعرے پر عوام سے رجوع ہوتے ہوئے آگے بڑھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کو نچلی سطح یعنی دیہی سطح تا منڈل و ضلع سطح پر مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی بلکہ ضرورت پڑنے پر تلگو دیشم پارٹی تلنگانہ بھر میں پدیاترا پروگرام بھی منظم کرے گی ۔ مسٹر ریونت ریڈی نے تلگو دیشم پارٹی قائدین و کارکنوں کی قربانیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کو دوبارہ برسر اقتدار لانے کے لیے پارٹی قائدین و کارکن ہر طرح کی قربانی دینے کے لیے تیار ہیں اور یہی قائدین و کارکن تلگو دیشم پارٹی کی زبردست طاقت ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین وکارکن تلگو دیشم پارٹی مکمل تحفظ کرے گی۔ اس اجلاس سے تلگو دیشم پارٹی کے دیگر قائدین نے بھی مخاطب کیا ۔۔

TOPPOPULARRECENT