Thursday , July 27 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی تیاریوں کا آغاز

تلنگانہ میں کانگریس کی انتخابی تیاریوں کا آغاز

بیروزگار نوجوانوں کو روزگار بھتہ ، کسانوں کے قرضوں کی معافی کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے ریاست میں انتخابی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ بیروزگار نوجوانوں کو بیروزگاری بھتہ ، کسانوں کے یکمشت قرضوں کی معافی ، معذورین اور دوسرے طبقات کو فراہم کیے جانے والے وظائف میں اضافہ کرتے ہوئے سماج کے دوسرے طبقات کو راغب کرنے کے لیے حکمت عملی شروع کردی ہے ۔ تلنگانہ کانگریس پارٹی 2019 کے عام انتخابات میں اقتدار حاصل کرنے کے لیے اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے ۔ کانگریس قائدین بند کمروں کے اجلاس منعقد کرتے ہوئے عوام سے کیے جانے والے وعدوں کا جائزہ لے رہے ہیں اور مختلف رضاکارانہ تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقات کرتے ہوئے ریاست کے تازہ سیاسی صورتحال اور عوامی مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں اور عوامی نبض ٹٹولنے کی کوشش میں مصروف ہوگئے ہیں ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ لاکھوں ملازمتیں فراہم کرنے کا وعدہ کرنے والے کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل پانے کے بعد بحیثیت چیف منسٹر ملازمتیں فراہم کرنے میں ناکام ہوگئے ۔ نوجوانوں میں حکومت کے خلاف پائی جانے والی ناراضگی سے فائدہ اٹھانے کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کررہی ہے ۔ ڈگری کامیاب ہونے والے بیروزگار نوجوانوں کو روزگار حاصل ہونے تک بیروزگاری بھتہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ڈگری تکمیل کرنے والے ہر سال 10 لاکھ طلبہ کو کتنا بیروزگاری بھتہ دیا جائے اس کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ کسانوں کو کانگریس کی جانب سے راغب کرنے کے لیے یکمشت قرض معاف کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس نے ایک لاکھ روپئے تک قرض قسطوں میں تین سال کے دوران معاف کیا ہے ۔ کانگریس پارٹی ایک لاکھ یا دو لاکھ کتنا قرض معاف کیا جائے اس پر غور کررہی ہے ۔ ساتھ ہی کسانوں کو تخم اور کھاد مفت تقسیم کرنے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ بیواؤں ، تنہا خواتین ، معمر افراد کو دئیے جانے والے ماہانہ وظائف کو 1000 سے بڑھا کر 2 ہزار روپئے کرنے اور معذورین کے وظائف کو 1500 سے بڑھا کر 2500 روپئے کرنے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ سرکاری ملازمین کی ریٹائرڈ ہونے کی حد عمر میں 2 کا اضافہ کرنے 58 سال کو بڑھاکر 60 سال کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ اس طرح تلنگانہ کے کانگریس قائدین انتخابی تیاریوں میں مصروف ہوچکے ہیں ۔ عوام کا دوبارہ اعتماد حاصل کرنے کے لیے مسائل پر جدوجہد کرنے کے ساتھ ساتھ دلکش انتخابی منشور تیار کرنے میں سرگرم ہوگئے ہیں ۔۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT