Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں یوتھ کانگریس کے انتخابات، نارائن کھیڑ میں دوبارہ رائے دہی

تلنگانہ میں یوتھ کانگریس کے انتخابات، نارائن کھیڑ میں دوبارہ رائے دہی

اسمبلی، گرام پنچایت اور ڈیویژن کے انتخابات مکمل، لوک سبھا و اسٹیٹ کمیٹی کیلئے رائے دہی
حیدرآباد /27 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ میں اسمبلی اور گرام پنچایت کے پہلے مرحلہ کے انتخابات کا پرامن اختتام عمل میں آیا، جب کہ 10 اور 11 ستمبر کو لوک سبھا اور اسٹیٹ کمیٹی کے لئے رائے دہی ہوگی اور 10 ستمبر کو لوک سبھا اور 12 ستمبر کو اسٹیٹ کمیٹی کے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ تلنگانہ یوتھ کانگریس کے انتخابات کی ذمہ داری سبھالنے والے پی آر او پراگ واڈیا نے آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس میں کہا کہ تلنگانہ ریاست میں 22 تا 25 اگست سوائے دو اسمبلی حلقوں کے تمام حلقوں، گرام پنچایتوں اور ڈیویژن انتخابات کی رائے دہی پرامن رہی۔ انھوں نے بتایا کہ مریال گوڑہ اسمبلی حلقہ میں یوتھ کانگریس قائدین کے مابین جھڑپ اور حلقہ اسمبلی نارائن کھیڑ کے رکن اسمبلی پی کشٹیا ریڈی کے انتقال کے باعث ان حلقوں میں رائے دہی ملتوی کردی گئی، تاہم 3 ستمبر کو ان حلقوں میں رائے دہی کرائی جائے گی۔ انھوں نے بتایا کہ کامیاب امیدواروں کی فہرست iyc.in ویب سائٹ دستیاب ہے۔ انھوں نے کہا کہ لوک سبھا اور اسٹیٹ کمیٹی کی رائے دہی کے لئے 28 اگست تک پرچہ جات نامزدگی قبول کی جائے گی اور 29 اگست کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ دو اسمبلی حلقوں میں 3 ستمبر کو رائے دہی ہونے کی وجہ سے حلقہ جات لوک سبھا ظہیرآباد اور نلگنڈہ کے امیدواروں کو انتخابی نشان 4 ستمبر کو جاری کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ 10 ستمبر کو لوک سبھا کمیٹی کی رائے دہی کے بعد اسی دن نتائج کا اعلان کیا جائے گا، جب کہ اسٹیٹ کمیٹی کے نتائج کا اعلان 12 ستمبر کو کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT