Wednesday , August 23 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں 21اگست کو عازمین حج کے پہلے قافلہ کی روانگی

تلنگانہ میں 21اگست کو عازمین حج کے پہلے قافلہ کی روانگی

حیدرآباد۔18 ۔اگست ( یواین آئی) تلنگانہ میں عازمین حج کی آمد کا جمعہ 19اگست کی صبح10بجے سے آغاز ہورہا ہے۔ عازمین حج کی آمد کے ساتھ حج کیمپ 2016 کا عملاً آغاز ہوجائے گا۔ حج کیمپ کے آغاز سے ایک دن قبل سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے اسپیشل افسرحج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور کے ہمراہ حج ہوز نامپلی حیدرآباد میں تیاریوں کا جائزہ لیا۔ حج ہوز کے علاوہ اس سے متصل وقف مال اور کھلی اراضی پر تیاریاں تقریباً مکمل کرلی گئی ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود نے ان تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ آج ایک اہم کوارڈینیشن میٹنگ حج کمیٹی میں منعقد ہوئی جس میں مرکزی حج کمیٹی کے اسٹاف کے علاوہ ایرانڈیا اور اسٹیٹ بینک آف انڈیا کے افسر شریک تھے ۔ اس میٹنگ کا مقصد عازمین کی روانگی کے انتظامات کو پرسکون اور موثر بنانا تھا۔ اتوار21اگست کو پہلی پرواز کی روانگی کے موقع پرنائب وزیراعلی تلنگانہ محمدمحمودعلی اور حج کمیٹی آف انڈیا کے صدرنشین محبوب علی قیصر رکن پارلیمنٹ جھنڈی دکھاکر پہلے قافلہ کو روانہ کریں گے ۔ وزیراعلی کے چندرشیکھرراو پیر22اگست کی شام تیسرے قافلہ کو حج ہاوز سے جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے ۔ آج حج کیمپ کے معائنہ اورمیٹنگ کے موقع پر آندھراپردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایکزیکٹیو افسرمحمد لیاقت علی’ او راے پی اسٹیٹ وقف بور ڈکے چیف ایکزیکٹیو افسرجناب ایل عبدالقادر اور جناب عرفان شریف اے ای او تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی بھی موجود تھے ۔

TOPPOPULARRECENT