Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں 58 انجینئرنگ کالجس بند کرنے کالج حکام کا فیصلہ

تلنگانہ میں 58 انجینئرنگ کالجس بند کرنے کالج حکام کا فیصلہ

معیاری تعلیم کا فقدان اور فیس کی ادائیگی میں حکومت کی تساہلی اہم اسباب
حیدرآباد۔/16اپریل،( سیاست نیوز) تلنگانہ میں انجینئرنگ شعبہ میں ماہر فیکلٹیز کی کمی اور کالجس کی جانب سے مناسب تنخواہوں کی ادائیگی میں ناکامی کی صورتحال نے کئی انجینئرنگ کالجس کو بند کرنے پر مجبور کردیا ہے۔ آل انڈیا کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کی شرائط کی تکمیل میں ناکام 58 انجینئرنگ کالجس حکام نے اپنے طور پر کالجس کو بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ تعلیمی سال 2016-17 میں ان کالجس نے الحاق کیلئے جے این ٹی یو میں درخواست داخل نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جے این ٹی یو کے رجسٹرار پروفیسر این یادیا کے مطابق جاریہ تعلیمی سال 58 خانگی انجینئرنگ کالجس میں سال اول کے داخلے نہیں ہوں گے۔ طلبہ اور ان کے سرپرستوں میں اس صورتحال سے تشویش پائی جاتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انجینئرنگ کالجس میں معیار تعلیم کی کمی اور فیس کی ادائیگی میں حکومت کے تساہل اور دیگر مسائل کے سبب خانگی انجینئرنگ کالجس اس موقف میں نہیں ہیں کہ وہ کالجس میں تعلیم جاری رکھ سکیں۔ رجسٹرار نے کہا کہ دیگر سیکنڈ ایئر اور اس کے بعد کے کورسیس کی تعلیم جاری رہے گی اور بیاچ کی تکمیل کے بعد کالج اپنے آپ بند ہوجائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ بند ہونے والے کالجس میں طلبہ کو یہ سہولت فراہم کی جارہی ہے کہ وہ دیگر کالجس میں اپنا ٹرانسفر کرلیں۔ یہ کالجس اگرچہ جے این ٹی یو کے تحت برقرار تھے لیکن انتظامیہ نے کونسل فار ٹیکنیکل ایجوکیشن کے شرائط کی تکمیل نہیں کی۔ جاریہ تعلیمی سال 2016-17میں جن کالجس نے الحاق کیلئے درخواستیں داخل نہیں کیں ان میں انوارالعلوم کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی رنگاریڈی، آریہ بھٹ انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائنس رنگاریڈی، آصفہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی رنگاریڈی، بھارت انجینئرنگ کالج رنگاریڈی، چلکور بالاجی انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی رنگاریڈی، سی آر وی انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائنس رنگاریڈی، گرین فورٹ انجینئرنگ کالج حیدرآباد، ہائی پوائنٹ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی رنگاریڈی، ہولی میری انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ رنگاریڈی، کے ایس راجو انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی اینڈ سائنس رنگاریڈی، ایم آر آر کالج آف بی فارمیسی رنگاریڈی، این آر کالج آف انجینئرنگ رنگاریڈی، پرگنا بھارتی انسٹی ٹیوٹ آف ٹکنالوجی رنگاریڈی، ایس پی آر کالج آف انجینئرنگ ٹکنالوجی رنگاریڈی اور دوسرے شامل ہیں۔ رجسٹرار جے این ٹی یو نے 58 کالجس کی فہرست جاری کی ہے۔

TOPPOPULARRECENT