Friday , October 20 2017
Home / شہر کی خبریں / تلنگانہ میں 9 ایرپورٹس کے قیام کی تجویز

تلنگانہ میں 9 ایرپورٹس کے قیام کی تجویز

وزارت شہری ہوا بازی کے ساتھ تلنگانہ حکومت کا معاہدہ
حیدرآباد 15 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے فضائی سفر کو عوام کے قریب کرنے اور اسے قابل استطاعت بنانے کے مقصد سے وزارت شہری ہوا بازی اور ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے ساتھ ایک یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ اس کے تحت تلنگانہ میں 9 چنندہ مقامات پر چھوٹے ایرپورٹس قائم کرنے میں مدد ملے گی۔ یادداشت مفاہمت پر عہدیداروں نے وزیر آئی ٹی کے ٹی راما راؤ اور وزیر شہری ہوا بازی اشوک گجپتی راجو  کی موجودگی میں نئی دہلی میں دستخط کئے گئے۔ کے ٹی راما راؤ نے کہاکہ اس معاہدہ سے حکومت کو چھوٹے شہروں میں موجود غیر مستعملہ ایرپورٹس کے احیاء اور نئے ایرپورٹس کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ تلنگانہ میں اس وقت واحد کارکرد ایرپورٹ شمس آباد ایرپورٹ ہے۔ تلنگانہ حکومت ورنگل اور کوتہ گوڑم کے بشمول 9 شہروں میں ایرپورٹس کی تعمیر کی تجویز رکھتی ہے یہ کام ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے اشتراک سے ہوگا۔ کے ٹی راما راؤ نے کوتہ گوڑم ایرپورٹ کو فروغ دینے کے لئے ٹکنیکل اجازت دینے پر اشوک گجپتی راجو سے اظہار تشکر کیا۔ کے ٹی آر نے مرکزی وزیر صنعت اننت گیٹے سے ملاقات کی اور عادل آباد میں سی سی آئی سمنٹ فیکٹری کے احیاء پر زور دیا اور کہاکہ ریاستی حکومت تمام ضروریات کی تکمیل کرے گی۔ انھوں نے وزیر ٹکسٹائلز سمرتی ایرانی سے ملاقات کی اور انھیں بتایا کہ حکومت نے عوامی نمائندوں کو رغبت دلائی ہے کہ وہ کم از کم ہفتہ میں ایک دن ہینڈلومس استعمال کریں۔

TOPPOPULARRECENT